کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے عمر کوٹ سرکاری اسپتال میں ادویات کی خریداری میں خورد برد کے الزام میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت 4ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے عمر کوٹ میں تو ادویات ہی نہیں لوگ مر رہے ہیں آپ کو کیسے ضمانت دے دیں؟ سپرنٹنڈنٹ کو پتہ ہی نہیں چار کروڑ 20لاکھ کی ادویات ادھر ادھر ہو گئیں۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے ادویات کی خریداری میں غبن سنگین جرم ہے۔ ضمانت قبل از وقت گرفتاری نہیں دے سکتے۔ الزام ہے 25ملین کا بجٹ کہاں گیا کچھ پتہ نہیں۔ درخواستیں واپس لیں اور گرفتاری کے بعد دائر کریں آپ پر الزام ہے ادویات کبھی خریدی ہی نہیں گئیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے اس بجٹ پر تو ٹینڈر بھی جاری نہیں ہوا۔ عدالتی ہدایت پر ملزمان نے درخواستیں واپس لے لیں۔ ملزمان میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صغیر، ڈاکٹر جام، علی نواز اور رمیش بھی ہیں۔