• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ سیون: ہر ٹیم کیساتھ آرمی کے ماہر ڈاکٹر کی تقرری کا فیصلہ

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان سپر لیگ سیون میں ہر ٹیم کے ساتھ آرمی میڈیکل کور کے اینٹگریٹی افسران کا تقرر کریگا، میڈیکل کور کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں ۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح روزانہ ہر ٹیم اور آفیشلز کا ہوٹل میں رپیڈاینٹجن ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ کورونا کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کیے جائینگے۔ذرائع کے مطابق روزانہ پی سی آر ٹیسٹ ممکن نہیں ہونگے۔ پی سی بی کو کورونا ایس او پیز پر بڑا خرچہ کرنا پڑ رہا ہے۔ پی ایس ایل سکس کے دوران بھی آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹرز ٹیموں کے ساتھ تھے۔ ڈاکٹرز کھلاڑیوں کے ٹمپریچر اور ہیلتھ ٹیسٹ کے ذمے دار ہوں گے۔ حددرجہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوویڈ پروٹوکول میں یہ بات ممکن نہیں ہے کہ ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی سات دن قرنطینہ کریں۔ البتہ ایئرلائن کی طرح ہر کھلاڑی اپنے ملک یا گھرسے روانگی سے 72گھنٹے پہلے پہلا کوویڈ ٹیسٹ کرائے گا۔ کراچی پہنچنے پر دوبارہ ٹیسٹ ہوگا۔ مجموعی طور پر چھ دن میں دو منفی ٹیسٹ والے بایو ببل میں داخل ہوسکیں گے۔ پی سی بی کے ایک اعلی افسر کے مطابق اس وقت کورونا کیسوں کو روکنا عملی طور پر ناممکن ہے لیکن بورڈ پوری کوشش کررہا ہے کہ ہر کھلاڑی کا روزانہ ہوٹل میں رپیڈ انٹیجن ٹیسٹ کرایا جائے۔ اگر کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو اس شخص اور اس کے قریب رہنے والے پورے فلور کے لوگوں کا ہوٹل میں رپیڈ انٹیجن ٹیسٹ ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانے کے لئے ٹیمیں کمرشل کے بجائے چارٹرڈ فلائٹس پر سفر کریں گی اور ایک فلائٹ پر دو ٹیمیں سفر کریں گے۔ گذشتہ سال ایئر بس ٹرپل سیون مخصوص کی گئی تھی لیکن اس بار چھوٹے جہاز وں کو چارٹرڈ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل ،گاڑیوں، گرائونڈ اور جہازوں میں سخت احتیاط برتی جائے گی ۔

اسپورٹس سے مزید