کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان سرفراز احمد کو اظہر محمود کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مائیک ہیسن وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔ سرفراز احمد اس وقت پاکستان شاہینز کے ساتھ مینٹور کے طور پر ابوظبی میں ہیں۔ سرفراز احمد کو پہلی بار پاکستانی ٹیم میں کوئی اسائنمنٹ ملے گی۔ اس بارے میں باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ ٹیسٹ سیریز میں ذمے داریوں کا آغاز کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہونے والی ایک میٹنگ میں چیئرمین محسن نقوی نے شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا کو اس متعلق آگاہ کیا ۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور ون ڈے کے کپتان شاہین آفریدی سے انہوں نےالگ الگ ملاقات کی۔ ذرائع شاہین آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز جبکہسلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس اور اپنے ساتھ پیش آنے والے مسائل سے متعلق بات چیت کی ،مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ واضحرہے کہ مائیک ہیسن کولمبو سے چھٹیاں منانے نیوزی لینڈ واپس جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ خالی تھا، اظہر محمود جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں عبوری ہیڈ کوچ تھے۔ پاکستان ٹیم مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027ء کا حصہ ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی اور دوسرا ٹیسٹ میچ 16 مئی سے شروع ہو گا۔