• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تباہ کن ورلڈ کپ کے بعد بابر اور صائم ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ، صاحبزادہ فرحان کا اضافہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تباہ کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم ، اوپنر صائم ایوب کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا ہے ، حارث رؤف کی واپسی ہوئی ہے ۔نومبر میں سری لنکا کی سیریز میں انہوں نے پاکستان کو تین صفر سے کامیابی دلوائی تھی اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے تھے۔ٹی 20 ورلڈکپ میں شاندار بیٹنگ کی بدولت صاحبزادہ فرحان نے 50 اوورز سائیڈ میں جگہ حاصل کرلی۔  سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے ساتھ سیریز کے لیے 15 رکنی ون ڈے انٹرنیشنل ا سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔محمد رضوان ٹیم کا حصہ ہیں۔ چھ نئے کھلاڑی عبدالصمد، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان اور شامل حسین پہلی بار ٹیم شامل ہوئے ہیں۔ تین میچوں کی سیریز 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکا کے شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ شاہین شاہ آفریدی قیادت جاری رکھیں گے۔ عبدالصمد، معاذ صداقت، سعد مسعود اور شاملحسین حال ہی میں ابوظبی میں انگلینڈ لائنز کے خلاف کھیلنے والے پاکستان شاہینز اسکواڈ کا حصہ تھے ۔ 15 رکنی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت، معاذ صداقت، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شامل حسین ۔ پاکستان نے ٹیم انتظامیہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج بنگلادیش کی کنڈیشنز میں مثبت نتائج دے گا۔کپتان شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں یہ تیسری ون ڈے سیریز ہوگی، اس سے قبل ان کی کپتانی میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو ہوم سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک 39 ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 34 جیتے جبکہ بنگلہ دیش صرف 5 میچوں میں کامیاب ہو سکے۔