اسلام آباد (این این آئی)حبسِ بیجا کیس میں قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے ملزم عارف گل کو سپریم کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ معاملہ نمٹا دیں یا لارجر بینچ کیساتھ یکجا کردیں۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے ملزم عارف گل حبسِ بیجا کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عارف گل نے بتایا کہ وہ ہوٹل پر کام کرتا تھا، کسی نے شکایت کی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عارف گل پر الزامات کی دستاویز ریکارڈ پر موجود ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عارف گل پر سیکورٹی پوسٹ پر حملہ کا الزام ہے،حراستی مراکز کا معاملہ لارجر بینچ میں زیر التوا ہے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ معاملہ نمٹا دیں یا لارجر بینچ کیساتھ یکجا کردیں۔
ٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت عارف گل کے اہلخانہ سے ملاقات کیلئے اسی طریقہ کارکا حکم دے جو باقی افراد کیلئے ہے۔
سپریم کورٹ نے عارف گل کو حراستی مرکز میں مکمل سیکورٹی فراہم کرنے اور عارف گل کے اہلخانہ سے ملاقات کیلئے وہی طریقہ کار رکھنے کی اجازت دی جو باقی افراد کیلئے ہے۔