ملتان(سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم و اپوزیشن لیڈر سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہےکہ جب وزیر اعظم تھا تو عام آدمی کی خدمت کی، اس لیے اپنے آپ کو مخدوم نہیں لکھوایا ،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے بھانجے مخدوم سید میراں محی الدین گیلانی کے درجات بلند فرمائیں، جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے بزرگوں کی روایت کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھو ں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار حضرت موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی اور مخدوم سید غلام مصطفی محی الدین گیلانی کے بھائی مخدوم سید میراں محی الدین گیلانی کی روح کو ایصال ثواب کے لئے قل خوانی کے اجتماع سے خطاب میں کیا جبکہ درگا ہ حضرت موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی نے اجتماعی دعا اور مرحوم کے بڑے صاحب زادے سید عبدالقادر شاہ گیلانی کی دستار بندی کرائی۔اس موقع پر سیاسی،سماجی، مذہبی شخصیات سمیت مریدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔