کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی سطح پر محفوظ ترین اور بہترین فضائی سروسز فراہم کرنے والی ایئرلائنز کی فہرست جاری کی گئی ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ ایئر نیوزی لینڈ دنیا کی بہترین سروس ہے۔ فہرست میں بتایا گیا ہے کہ سیفٹی انتظامات، فضائی انتظامات، سروس، پائلٹ ٹریننگ، کاک پٹ کی جدت اور جدید اور نئے طیاروں کے عوامل کو دیکھتے ہوئے ایئر نیوزی لینڈ کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ دوسرے نمبر پر اتحاد ایئر ویز جبکہ تیسرے نمبر پر قطر ایئر ویز کو رکھا گیا ہے۔ فہرست کے مطابق سنگاپور ایئرلائنز چوتھے اور پرتگال کی ٹی اے پی پانچویں نمبر پر رہی۔ حیران کن طور پر ابتدائی پانچ نمبروں میں آسٹریلیا کی قنطاس شامل نہیں جسے ساتواں نمبر ملا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ پرتھ سے ایڈیلیڈ جاتے ہوئے پرواز میں ایندھن کی کمی کی وجہ سے طیارے کو دوسرے مقام پر لینڈنگ کرائی گئی تھی جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کمپنی کے انتظامات پر بھی سوالیہ نشان آ گیا تھا۔ چھٹے نمبر پر اسکینڈی نیوین ایئر لائنز (ایس اے ایس)، آٹھویں پر الاسکا ایئر لائنز، نویں پر ای وی اے ایئر جبکہ دسویں نمبر پر ورجن آسٹریلیا / ورجن ایٹلانٹک کا نام آیا ہے۔ایمرٹس کا 20واں نمبر ہے۔