مصنّف: نسیم سحر
صفحات: 175، قیمت: 400روپے
ناشر: فرہاد پبلی کیشنز، کمال آباد، راول پنڈی۔
شاعر، افسانہ نویس، تنقید نگار، صحافی اور مزاح نگار، نسیم سحر کا ادبی سفر پچاس برس سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ وہ خطّۂ پوٹھوہار کے ایک ادبی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہر صنفِ ادب میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔ ان کے فن، شخصیت اور شعری اصناف پر اب تک پانچ ایم فل کے مقالے لکھے جا چُکے ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب ان کے تنقیدی مضامین کا مجموعہ ہے، جس میں ڈاکٹر احسان اکبر، جمیل یوسف، ڈاکٹر فرحت عباس، سیّد ابرار حسین، ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد، جان کاشمیری اور عارف فرہاد کے توصیفی مضامین بھی شامل ہیں۔
اس کتاب میں کتابوں پر لکھے جانے والے مضامین، کتابوں کے دیباچے اور فلیپ اور عاشقان رسولﷺ پر تاثرات دیئے گئے ہیں۔ کوئی مضمون کتابِ سیرت پر ہے، کوئی کسی نعتیہ مجموعےپر اور کوئی سفر نامۂ حج پر۔ نعت نگاروں کا خصوصی جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ مصنّف کے مضامین زبان و بیان کے لحاظ سے بھی وضاحت و بلاغت کے وصف پر مبنی ہیں کہ جو کہنا چاہتے ہیں، بڑی خُوب صُورتی سے جملوں میں ڈھال دیتے ہیں۔ یہ صنعت ہر قلم کار میں نہیں ہوتی۔