• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانگ مارچ یادگار ہوگا، حکومت ختم کرکے ہی دم لیں گے، بلاول

لاہور(نمائندہ جنگ، ٹی وی رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس حکومت کیخلاف لانگ مارچ یادگار ہوگا،حکومت کو ختم کرکے ہی دم لینگے،سانحہ مری پر ہم سب افسردہ ہیں ، عوام مر رہے ہیں جبکہ حکمران موت کا ذمہ دار مرنے والوں کو ہی قرار دے رہے ہیں، حکومت کے خاتمے پر عوام کو چین آئیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے ایگزیکٹو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے آغاز میں سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والوں پر حکومت کی جانب سے اپنی موت کی خود ذمہ داری عائد کرنا سفاکیت کی انتہا ہے، سانحہ مری کی شفاف انکوائری کروائی جائے، غفلت کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لاکر سخت سزا دی جائے،پی پی پی وسیب کے عہدیداران نےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری جو جنوبی پنجاب کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا اور لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی یقین دہانی، تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ عوام مررہے ہیں اور حکمران موت کا ذمہ دار خود مرنے والوں کو قرار دے رہے ہیں، ہیلی کاپٹروں میں بیٹھ کر مرتے لوگوں کا تماشہ دیکھنے والے حکمران وہی تھے جو کل تک سائیکل والے وزیراعظم کی مثالیں دیتے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے27فروری کے لانگ مارچ سے قبل ہی حکومت کی چھٹی ہوجائیگی۔ بلاول ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی ضلع پاکپتن کے صدر ہمایوں سرور بودلہ کے ہمراہ وفد سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے لانگ مارچ کی حکمت عملی اور تیاری کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکمرانوں نے عوام کی زندگیاں داؤ پر لگا دی ہیں نااہل حکمرانوں نے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہےملک کو بچانا ہے تو نااہل حکومت سے جان چھڑانا ہوگی بلاول بھٹو زرداری نےکارکنوں سےکہا کہ وہ لانگ مارچ کی تیاری کریں لانگ مارچ کا آغاز مزار قائد سے ہوگا جو اسلام آباد پہنچے گا۔

اہم خبریں سے مزید