• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ7 ایک شہر تک محدود کرنے کی تجویز، ایس او پیز تیار، فرنچائز مالکان متفق

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ سیون کو ایک ہی شہر تک محدود کرنے کی تجویز پر غور ہونے لگا۔ میگا ایونٹ کے لئے پیر کو کورونا ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت کراچی آمد کے بعد ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو ایک کے بجائے تین دن روم آئسولیشن میں گذارنا ہوں گے۔ پاکستان پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ ٹیسٹ ہوں گے ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے ساتھ انہیں تین دن کیلئے قرنطینہ کردیا جائے گا۔ چوتھے دن سے پریکٹس شروع ہوگی۔ ویسٹ انڈیز کی سیریز میں روم آئسولیشن ایک دن کی تھی ۔ حدرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو فرنچائز مالکان کے ساتھ ایس او پیز کو اتفاق رائے سے حتمی شکل دی گئی۔ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ اہل خانہ کو رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم کے پاس 22 کھلاڑیوں کا پول ہوگا۔ اگر کسی ٹیم کے 9کھلاڑی کورونا میں مبتلا ہوجاتے ہیں تو13فٹ کھلاڑیوں کے ساتھ میچ ہوسکے گا۔12 کھلاڑیوں کی دستیابی کی صورت میں میچ ملتوی کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کیلئے 20 سے 25 کھلاڑیوں کا ایک مشترکہ پول بنایا جائے گا جو ببل میں رہیں گے۔ کسی بھی ٹیم کے پاس پلیئرز کم ہونے کی صورت میں اس پول سے کھلاڑی فوری منتخب کرکے ٹیم میں شامل کیا جاسکے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے مصروف شیڈول کی وجہ سے پی ایس ایل کو ہر حالت میں 27فروری کو ختم کرنا ہوگا۔ اگر ٹورنامنٹ کے ابتدا میں بڑی تعداد میں کورونا کیس سامنے آئے تو ٹورنامنٹ کو سات دن کے لئے روکا جاسکتا ہے۔ تاہم فروری میں اگر یہی صورتحال سامنے آئی تو ٹورنامنٹ کو روکا نہیں جائے گا اور فاتح ٹیم کا فیصلہ پلے انگ کنڈیشن کے مطابق کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ پی سی بی کی ایس ایل کو شیڈول کے مطابق کروانے کے لیے حکومتی سطح پر رابطے شروع کردیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل سیون ایک ہی وینیو پر کروائے جانے کے آپشن پر غور ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا لاہور سے آغاز اور کراچی میں اختتام کرنے پر سنجیدگی سے بات ہورہی ہے۔ سندھ حکومت بھی پی ایس ایل کا آغاز لاہور سے کروانے کی خواہشمند ہے۔ ایک ہی وینیو پرپی ایس ایل کرانے کا فیصلہ ہوا تو لاہور فیورٹ وینیو ہوگا۔ پی ایس ایل کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لئے مسلسل مشاورت کا سلسلہ جاری ہے لیکن فرنچائز مالکان بھی ٹورنامنٹ کرانے کے خواہش مند ہیں ۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا حکومتی مشنیری کے لیے حکومت سے رابطے میں ہیں۔ دریں اثنا سپر لیگ کےساتویں ایڈیشن کے ٹکٹس کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق کم از کم ٹکٹ250 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ ٹکٹ 3 ہزار روپے کا ہو گا ۔ جبکہ پانچ سو ، ایک ہزار اور دو ہزار روپے قیمت کے ٹکٹس بھی دستیاب ہوں گے ۔تاہم فائنل میں ٹکٹ 15 سو روپے سے لے کر 4 ہزار روپے تک کا ہوگا۔

اسپورٹس سے مزید