کراچی (عبدالماجد بھٹی) بھارت نے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر تیسری بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا۔ فائنل میں نیوزی لینڈ کو96 رنز سے شکست دی ۔ بھارت نے سنجو سیمسن، ایشان کشن اور ابھیشک شرما کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 5 وکٹ پر 255 رنز بنائے۔ یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑ اسکور ہے۔ناکام ٹیم 19 اوورز میں159 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کو ٹرافی کے علاوہ30 لاکھ ڈالرز جبکہ نیوزی لینڈ کو16 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملی۔ جسپریت بمرا نے چار اوورز میں15رنز دے کر چار وکٹ لیے، یہ ورلڈ کپ فائنل میں کسی بھی پیس بولر کی بہترین بولنگ ہے۔ انہوں نے ورون چکرورتی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں14،14وکٹیں لیں۔ اکشر پٹیل نے تین وکٹیں 27رنز دے کر حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں 72رنز پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ ٹم سائفرٹ نے 26 گیندوں پر52 رنز پانچ چھکوں اوردو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ کپتان مچل سینٹنر نے35 گیندوں پر43 رنز بنائے۔ پچھلے میچ کے سنچری میکر فن ایلن کو9 رنز پر اکسر پٹیل نے آؤٹ کیا۔ رچن رویندرا کو بمرا نے پہلی گیند پر آؤٹ کیا۔ گلین فلپس پانچ ، مارک چیپ مین تین ، ڈیرل مچل17رنز بناسکے ۔ بمرا نے دو گیندوں پر جیمی نشیم اور میٹ ہنری کو بولڈ کرکے جیت کی امیدوں کو ختم کردیا۔ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ابھیشیک اور سنجو نے 7.1اوورز میں98رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ ابھیشیک نے 18 رنز پر ففٹی بنائی۔ سنجو سیمسن نے46 گیندوں پر 89 رنز بنائے۔ انہوں نے8 چھکے اور پانچ چوکے مارے ، انہوں نے تیسری مسلسل نصف سنچری بنائی۔ ایشان کشن نے24 گیندوں پر 54 رنز چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ ابھیشک شرما نے21 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی ۔ شیوام دوبے 8 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ہاردک پانڈیا 18، کپتان سوریا کمار یادوصفر تِلک ورما نے ناٹ آؤٹ 8 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کے جمی نیشم نے 46رنز دے کر 3 جب کہ راچن رویندرا اور میٹ ہنری ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔