کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں چہروں کی تبدیلی اور ٹیم کی کامیابی سے ہی صورت حال یکسر بدل گئی، مالی مشکلات کا رونا دھونا مچانے والی فیڈریشن کے سابق عہدے داروں کے پس منظر میں جاتے سے ہی سرکاری اور نجی اداروں کا فیڈریشن پر اعتماد بحال ہونے لگا ، پچھلے11سال سے پائپ لائن میں موجود سپر ہاکی لیگ کا منصوبہ جان پکڑنے لگا، ذرائع کے مطابق 15دن سے بھی کم عرصے میں سات نجی اداروں کے ساتھ پی ایچ ایف حکام کی بات چیت سے مکمل ہوئی ہے ، ہاکی انتظامی کمیٹی کے مشترکہ چیرمینز اصلاح الدین اور حسن سردار نے ان اداروں کو ڈومیسٹک ایونٹ کا پلان پیش کردیا ہے،اس کے علاوہ کچھ سرکاری ادارے بھی پی ایچ ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں ، پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی ذاتی دل چسپی سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر اور لاہور قلندرز کے آنر عاطف رانا نے لیگ کے انعقاد میں تعاون اور اپنی ہاکی ٹیم بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، پی ایچ ایف نے کم سے کم پانچ آل پاکستان ہاکی ٹور نامنٹ کو کیلنڈر کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔