کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال غیریقینی موسم یا حکومتی نااہلی، سانحہ مری کا ذمہ دار کون ہے؟
جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں ارشاد بھٹی، ریما عمر، حسن نثار اور سلیم صافی کا کہنا ہے کہ سانحہ مری جیسے واقعات حکومت کی نااہلی ہے اس کے ساتھ عوام اس کے ذمہ دار ہیں۔
ارشاد بھٹی نے مزید کہا کہ غیریقینی موسم اور حکومتی نااہلی کے ساتھ عوام بھی سانحہ مری کے ذمہ دار ہیں، محکمہ موسمیات کی پیشگی وارننگ کے باوجود لاکھوں لوگوں نے مری کا رخ کیا، جس رات لوگ مری میں پھنس کر مررہے تھے اس وقت بھی ہزاروں لوگ مری جانے کیلئے پولیس ناکوں پر لڑرہے تھے۔
عوام بیسیوں گاڑیاں بیچ سڑک پر چھوڑ کر اطراف میں ہوٹلوں اور گھروں میں چلے گئے تھے۔
مری کے عوام کو سلام جو ٹی وی پر تو نیک متقی اور مددگار لگتے ہیں لیکن پانچ ہزار ہوٹل کا کمرہ پچاس ہزار میں جبکہ پانچ سو روپے میں ایک انڈا دے رہے تھے۔
چھوٹی گاڑی کو دھکا لگانے کیلئے تین ہزار جبکہ بڑی گاڑی کو دھکا لگانے کیلئے پانچ ہزار روپے لئے جارہے تھے۔