• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کے خواہاں، شاہ محمود قریشی

میڈرڈ (این این آئی) پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان، سپین سمیت تمام یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے، افغانستان میں قیام امن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا جو ہمارے اقتصادی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا، اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے عالمی توجہ پاکستان کی200ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی طرف کررہے ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈرڈ ،سپین میں تھنک ٹینکس کے اعزاز میں ضیافت میں شرکت کی ،اہتمام پاکستان ہاؤس میڈرڈ میں کیا گیا ،سپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ۔ وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کو پاکستان ہاؤس میڈرڈ سپین آمد پر خوش آمدید کہا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، سپین کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے، ہماری حکومت، جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے، دنیا کی توجہ پاکستان کی 200 ملین آبادی پر مشتمل، ابھرتی ہوئی مارکیٹ ،سرمایہ کاری اور تجارت کے میسر وسیع مواقعوں کی جانب دلا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، سپین سمیت تمام یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور سپین کے مابین، اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا جو ہمارے اقتصادی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں،رائے عامہ ہموار کرنے اور درپیش چیلنجز سے آگاہی دلانے میں تھنک ٹینکس کا کردار، بنیادی اہمیت کا حامل ہے،معزز مہمانوں نے پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

یورپ سے سے مزید