• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان عدم استحکام خطے کے لیے خطرناک، پاکستان پہلے ہی بھاری قیمت ادا کرچکا، شاہ محمود قریشی

میڈرڈ (جواد چیمہ،شفقت علی رضا)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ا فغانستان میں عدم استحکا م خطے کے لیے خطرناک ہے،پاکستان پہلے ہی اس کی بھاری قیمت اداکرچکا ہے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے میسر موقع سے فائدہ اٹھانے کی مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے،5اگست 2019 کے بھارتی اقدامات نے علاقائی استحکام خطرے میں ڈال دیا،عالمی برادری مودی حکومت پر غیرقانونی اقدامات واپس لینے کے لیے دبائو دالے۔ تفصیلات کے مطابق سپین کے سرکاری دورے پر موجود وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی میڈرڈ میں میڈرڈ ،سپین میں کانگریس کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے اراکین سے ملاقات ہوئی۔ ہسپانوی کانگریس کے وفد کی قیادت مسٹر پاؤ میری کلوزے (Pau Mari Klose) نے کی۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان،سپین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے کوشاں ہے ۔انھوںنے مزید کہا کہ علاقائی سلامتی اور روابط کے فروغ کے لیے پرامن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان، عالمی برادری کے ساتھ مل کر افغانستان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں عدم استحکام کی بھاری قیمت چکائی ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے میسر موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے،افغانستان میں عدم استحکام نہ صرف پاکستان اور خطے بلکہ سب کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ انھوں نے وفد کو بتایاکہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے، خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے،عالمی برادری، بھارت پر زور دے کہ وہ خطے میں قیام امن کیلئے ان یکطرفہ، غیر آئینی اقدامات پر نظر ثانی کرے۔وزیر خارجہ نے اسپین میں مقیم، ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کو دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں، مضبوط بندھن قرار دیتے ہوئے کمیٹی کو پاکستانی نژاد شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کہاکہ مقامی قوانین کی وجہ سے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کی شہریت ترک کرنا پڑتی ہے،توقع ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے اس مسئلے کا خوشگوار حل نکالا جائے گا۔ سپین میں کانگریس کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے اراکین نے افغانستان سے ہسپانوی شہریوں کے محفوظ انخلا میں بھرپور معاونت کی فراہمی اور دورہ پاکستان کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

یورپ سے سے مزید