بارسلونا ( شفقت علی رضا ) پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورہ سپین کے موقع پر پر سپین اور پاکستان کے مابین دہری شہریت کے کنٹریکٹ کو حتمی شکل دینے کے لئے حکومت سپین سے اپیل کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جب ہسپانوی شہریت حاصل کرتی ہے تو اُسے پاکستانی شہریت چھوڑنا پڑتی ہے ،انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سپین میں مقیم ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف سپین کے صدر جنون گروپ چوہدری سلطان رانجھا نے روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت سے مختلف مسائل اور اُن کے حل کے ساتھ ساتھ سپین اور پاکستان کے مابین دہری شہریت کے کنٹریکٹ کا مطالبہ کیا تھا، شاہ محمود قریشی نے ہمارے اس مطالبے کو ہسپانوی ایوانوں تک پہنچایا جو پاکستانیوں کے لئے بہت خوش آئند اقدام ہے ، اس موقع پرتحریک انصاف سپین کے سینئر رہنما چوہدری ارشد بوگا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ مانا اور ہسپانوی حکام کے سامنے دہری شہریت کی آواز اُٹھا کر سپین میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت لئے ۔