پشاور(ٹی وی رپورٹ)عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بینک آف خیبر سے متعلق انکوائری رپورٹ جمع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کیا کہ کس طرح نیب حکام نے عدالتی حکم کو بنیاد بنا کر مالم جبہ کیس کی انکوائری بند کردی، پشاور ہائیکورٹ میں مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بینک آف خیبر سے متعلق انکوائری کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت مذکورہ معاملے کے درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی نے کہا کہ عدالت نے نیب کو رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ابھی تک رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔جس پر نیب پراسیکیوٹر عظیم داد نے کہا کہ دو رپورٹس ہے، بلین ٹری سونامی رپورٹ تقریبا تیار ہے وہ جلد جمع کرادی جائیں گی۔ اس پر جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے دو نہیں 3 رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے حکم دیا تھا کہ یہ 2 ڈپارٹمنٹس کے درمیان مسئلہ ہے مل بیٹھ کر اس کو حل کریں۔ جسٹس روح الامین نے مزید ریمارکس دیئے کہ عدالت نے انکوائری بند کرنے کا نہیں کہا، مسئلہ حل کرنے کی بجائے نیب نے انکوائری ہی بند کردی۔ عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا کہ کس طرح نیب حکام نے عدالتی حکم کو بنیاد بنا کر مالم جبہ کیس کی انکوائری بند کردی، عالت نے انکوائری جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بلین سونامی ٹریز کے خلاف بھی 10 انکوائریز چل رہی ہیں جبکہ ایک ریفرنس دائر کردیا ہے۔ بعدازاں عدالت نے نیب کو مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بینک آف خیبر کی انکوائری رپورٹ 26 جنوری تک جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت بھی 26 جنوری تک ملتوی کردی۔