• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومی کرون کیسز میں کمی، متنازع کوویڈ پاسپورٹ ختم ہونے کا امکان

راچڈیل (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں اومی کرون کی لہر میں مسلسل گراوٹ کے باعث رواں ماہ انگلینڈ میں متنازع کوویڈ پاسپورٹ ختم کرنے کا دعویٰ سامنے آ گیا، کہا جاتا ہے کہ سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے اراکین پارلیمنٹ کو اپنی منصوبہ بندی اور تحفظات سے آگاہ کیا ہے جس کیخلاف 100ٹوریز نے ووٹ دیا، 26جنوری کو ممکنہ طور پر موجودہ پلان بی اقدامات پر نظر ثانی کی جائے گی ، اب تک سامنے آنے والے اعدادو شمار کے مطابق 1لاکھ 9ہزار نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں، برطانیہ کے کوویڈ کیسز میں لگاتار آٹھ دنوں سے ہفتہ وار کمی ریکارڈ کی جارہی ہے، ہسپتالوں میں داخلے بھی فلیٹ لائن ہو گئے ہیں لیکن دوسری طرف کورونا کا خطرہ بدستور اپنی جگہ پر موجود ہے۔ ٹوری ایم پیز کے ساتھ ایک میٹنگ میں سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے حوصلہ افزا علانات کی تعریف کی لیکن ساتھ خبردار بھی کیا کہ ہسپتال ابھی دبائو میں ہیں اور انہیں ہر طرح کے حالات کیلئے ہمیشہ تیار رہنا چاہئے فی الحال انگلینڈ میں لوگوں کو بڑے پروگرامز اور نائٹ کلبس میں داخل ہونے کے لیے ویکسی نیشن یا منفی کورونا ٹیسٹ رپورٹ دکھانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ واضح رہے وزیراعظم بورس جانسن کو گزشتہ ماہ پلان بی کے اقدامات متعارف کرانے پر وبائی بیماری کے آغاز کے بعد سے اپنی سب سے بڑی ٹوری بغاوت کا سامنا کرنا پڑا ۔دریں اثنا ویلز کے فرسٹ منسٹر نے اعلان کیا ہے کہ مہینے کے آخر میں کوویڈ پابندیاں نرم کر دی جائیں گی، فرسٹ منسٹر ڈریک فورڈ نے تسلیم کیا کہ ویلز میں موجودہ اقدامات کی اب بہت کم ضرورت ہے کیونکہ اومی کرون بڑی حد تک نیچے آ رہا ہے، ویلز میں کرسمس کے موقع پر انگلینڈ سے زیادہ سختی برتی گئی جہاں نائٹ کلبس کو بند کیا گیا،50سے زائد لوگوں کی تقریبات پر پابندی سمیت دیگر کئی سختیاں بھی متعارف کرائی گئیں، رٹ لینڈ اور میلٹن کی ایم پی ایلیسیا کیرنز نے سیکرٹری صحت پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ جلد سے جلد موقع پر گھریلو سرٹیفکیشن چھوڑنے کا عہد کریں جس کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ میں ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ جہاں تک میرا تعلق ہے ہم گھریلو سرٹیفکیشن کو ضرورت سے زیادہ دیر تک نہیں رکھیں گے، سابق کابینہ کے وزیر گریگ کلارک نے بھی سیکرٹری صحت ساجد جاوید سے رواں ماہ کے آخر میں پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اثر کوویڈ سے آگے ہے جیسا کہ ہم بخوبی جانتے ہیں ۔
یورپ سے سے مزید