• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال، چار ہزار گز کا سرکاری اسکول نجی پارٹی کو دینے کی تیاری

کراچی(سید محمد عسکری)مائی کولاچی سوسائٹی ڈالمیا گلشن اقبال ٹاؤن میں واقع چار ہزار مربع گز پر محیط کروڑوں روپے مالیت کا مانک گورنمنٹ بوائز پرائمری و سیکنڈری اسکول نجی پارٹی کو دینے کی مکمل تیاری کرلی گئی ہے جس سے سیکڑوں طلبہ کا تعلیمی عمل و مستقبل متاثر و تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے چند ہفتے قبل اسکول کا دورہ کرکے وہاں زیر تعلیم طلبہ کی منتقلی کے احکامات جاری کردیئے ہیں، ’’جنگ‘‘ کو معلوم ہوا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں اسکول خالی کرکے نجی پارٹی کے حوالے کیا جارہا ہے جبکہ محکمہ تعلیم نے کیس کی درست پیروی تک کرنے کی زحمت نہیں کی جس کے نتیجے میں فیصلہ محکمہ تعلیم کے خلاف آیا۔ یہ اسکول علاقے میں قیام پاکستان سے قبل سے قائم تھا۔ محکمہ تعلیم نے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی نہ ہی عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا۔ سیکرٹری تعلیم اکبر لغاری سے اسکول کے دورے کے دوران علاقہ مکینوں نے شکایت بھی کی کہ اس سے قبل پانچ کمروں پر مشتمل گورنمنٹ اسکول کی 5 سو مربع گز کی بلڈنگ پر لینڈ گریبر نے قبضہ کرلیا تھا اس میں بھی محکمہ تعلیم نے کیس کی صحیح پیروی نہیں کی تھی۔ گورنمنٹ مانک اسکول ڈالمیا نیشنل سمینٹ فیکٹری میں دو شفٹوں میں چلتا ہے، جبکہ صبح کی شفٹ کے پرائمری اسکول کو گورنمنٹ پرائمری اسکول سندھی موچی پاڑہ میں سازش کے تحت شفٹ کردیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک معروف بلڈر مذکورہ سرکاری اسکول کے4 ہزار مربع گز کے پلاٹ پر کمرشل اور رہائشی عمارت تعمیر کرانا چاہتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید