• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیل اور ڈھیل کی پھر گونج، نواز شریف، مریم، شہباز شریف اور حمزہ کیلئے رعایت مانگ رہے ہیں، حکومت

نواز شریف، مریم، شہباز شریف اور حمزہ کیلئے رعایت مانگ رہے ہیں، حکومت


فیصل آباد‘لاہور(ایجنسیاں)پاکستان کی سیاست میں ایک بار پھر ڈیل اور ڈھیل کی گونج سنائی دے رہی ہے ‘حکومت کا کہنا ہے کہ شہبازشریف اپنے ‘ حمزہ شہباز‘نوازشریف اور مریم نواز کیلئے رعایت مانگ رہے ہیں۔

وزیراعظم کے ترجمان ومعاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ شریف فیملی برگر ڈیل مانگ رہی ہے جس میں کھلونا بھی ملتا ہے‘ انہیں برگرڈیل کی بجائے صرف آلو ملے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیاکہ ن لیگ کی پہلی صف کے چار لوگ کسی سے ملنے گئےتو کہاکہ نوازشریف نے ملک کےساتھ زیادتی کی ‘ آپ ہماری طرف کیوں نہیں دیکھتے ؟۔

جبکہ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی‘ پہلے شاید ڈھیل کی بات تھی اب ڈھیل بھی نہیں ہو گی‘ ملک میں کوئی ایمرجنسی نہیں لگ رہی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نواز شریف کا پتہ صاف کرنے پر تلی ہے ۔ ن لیگ میں ریس لگی ہوئی ہے، پہلی صف میں بیٹھنے والے چار لیڈرز نواز شریف کو ہٹاکر خود قیادت سنبھالنا چاہتے ہیں ۔ 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چار وں کسی سے ملنے گئےتو کہاکہ نوازشریف نے ملک کےساتھ براکیا‘آپ ہماری طرف کیوں نہیں دیکھتے ؟۔

فواد کا کہنا تھاکہ تینوں پارٹیوں میں آپس میں اتنی بد اعتمادی ہے کہ ہرپارٹی سوچتی ہے کہ میں آنکھ جھپکوں اور دوسری پارٹی ڈیل کرلے‘ دریں اثناء اپنے بیان میں ڈاکٹرشہباز گل نے کہا ہے کہ شریف فیملی برگر ڈیل مانگ رہی ہے جس میں کھلونا بھی ملتا ہے‘شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ویزہ جلد برطانیہ میں منسوخ ہو جائے گا۔

اب ووٹ کا مقابلہ ووٹ سے ہو گاجبکہ فیصل آبادمیں میڈیا سے گفتگومیں ڈاکٹر شہباز گل کا کہناتھاکہ شہباز شریف4 کے ٹولے اپنے، حمزہ شہباز، نواز شریف اور مریم نواز کیلئے ڈیل مانگ رہے اور لندن جانا چاہتے ہیں لیکن انہیں جتنی ڈیل اور ڈھیل ملنا تھی مل گئی اور عنقریب شہباز شریف جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

شہباز شریف کی کوشش ہے کہ اگر انہیں لندن جانے دیا جا ئے تو بعد میں شاہد خاقان عباسی ن لیگ کی سیاست سنبھال لیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

ہماری جتنی مجبوریاں تھیں وہ ختم ہوگئی ہیں اس لئے اب کوئی نرمی کی توقع نہ کرے‘ اب ان کے سامنے عمران خان کھڑا ہے لہٰذا نواز شریف کا احتساب ضرور ہوگااور وہ یہاں لینڈ کرنے کے بعد سیدھے جیل جائیں گے۔اب شہباز شریف کا ڈیل کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اور وہ جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ کیا نواز شریف وطن کا راستہ بھول گئے ہیں جو ایاز صادق انہیں لینے جائیں گے یا نواز شریف کوئی دوشیزہ ہے کہ انہیں ایاز صادق جیسا محرم چاہیے جو انہیں واپس لیکر آئے ۔ 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کبھی جدہ، کبھی سعودیہ کبھی لندن میں چھپتے پھر رہے ہیں اسلئے خدارا انہیں محمود غزنوی نہ بنایا جائے کیونکہ انہوں نے یہاں آکرکوئی سومنات کا مندر فتح نہیں کرنا بلکہ با لآ خر گاجریں ہی کاٹنی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مہر تیار کررکھی ہے جو نواز شریف کے وارنٹ پر لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں شریف برادران کی پروردہ بیورو کریسی نے موجودہ حکومت کی راہ میں قدم قدم پر روڑے اٹکانے کی کوشش کی لیکن اب انہیں معلوم ہوگیا ہے کہ شریف برادران کا سورج ہمیشہ ہمیشہ کیلئے غروب ہوگیا ہے اسلئے وہ بھی راہ راست پر آگئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ سب سن لیں کہ احتساب ہوگا اور ضرور ہوگا‘اوچھے ہتھکنڈوں سے اب ان کی جان نہیں بچنے والی۔علاوہ ازیں راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔

پہلے شاید ڈھیل کی بات تھی اب ڈھیل بھی نہیں ہو گی‘ اپوزیشن اندھی وہیل مچھلیوں کی طرح ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھ رہی ہے‘ ان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگا‘ملک میں کوئی ایمرجنسی نہیں لگ رہی‘ اپوزیشن دو کی جگہ تین لانگ مارچ کرلے، کچھ نہیں ہوگا، ساڑھے 3 سال ہوگئے نہ ہم آپ کا کچھ بگاڑ سکے نہ آپ ہمارا کچھ بگاڑ سکے۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فنانس بل کی منظوری کے موقع پر ان کے 12 سے 13 لوگ کم تھے تو عدم اعتماد والے دن اپوزیشن کے 26 لوگ کم ہوں گے‘شہباز شریف عمران خان کے لیے ڈراؤنا نہیں بلکہ سہانا خواب ہیں‘اپوزیشن کی جانب سے کوئی ٹف ٹائم نظر نہیں آرہا۔

ن لیگ بزدلوں کا گروہ ہے‘تین ماہ حکومت کیلئے بہت اہم ہیں‘ اپریل کے بعد حالات ٹھیک ہو جائیں گے اور اپوزیشن شکست کھائے گی۔ حکومت کے خلاف باتیں کرنے والے سارے چھانگا مانگا کی پیداوار ہیں۔

بیماری کا ڈرامہ کرنے والے حقیقت میں بیمار ہو جاتے ہیں‘وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر میں مری جاکر توجہ نہ دیتا تو وہاں پر23 کی بجائے40 لوگ جاں بحق ہو جاتے، اللّٰہ نے یہ کام مجھ سے لیا اور میں نے مری جاکر وزیراعظم کی منظوری سے فوج رینجرز کو بلا کر مری میں استعمال کیا۔

اہم خبریں سے مزید