• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی حکومت کے 10 ارب ڈالرز کے 44 معاہدوں پر دستخط

دبئی (سبط عارف ) کے پی حکومت کے 10 ارب ڈالرز سے زائد کے 44 معاہدوں پر دستخط، یو اے ای، پاکستانی اور چینی سرمایہ کاروں کا صوبے میں ٹورازم زونز، خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کا عہد۔ 

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا (کے پی کے) حکومت نے صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے، انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 10 ارب ڈالرز سے زائد کے 44 معاہدوں پر دستخط کردئیے۔ 

دبئی میں ’بڑھتے ہوئے مواقع کی سرزمین‘ کے موضوع کے ساتھ خیبرپختونخوا کانفرنس میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

 متحدہ عرب امارات، پاکستانی اور چینی گروپوں کے سرمایہ کاروں نے صوبے بھر میں مربوط ٹورازم زونز، خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی شہروں میں سرمایہ کاری کرنے کا عہد کیا۔ 

چیف ایگزیکٹو آفیسر بورڈ آف انویسٹمنٹ کے پی ڈاکٹر حسن داؤد بٹ کے مطابق سیاحت، توانائی اور بجلی، شمسی توانائی، لائیو سٹاک، انفرااسٹرکچر واٹر اسپورٹس کے منصوبوں نے کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا۔ 

دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے انکشاف کیا کہ کے پی حکومت سیاحت، توانائی اور پاور سیکٹر اور دیگر مختلف منصوبوں میں 10 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کے لیے کاروباری برادری کا اعتماد جیتنے میں کامیاب رہی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے سرمایہ کاروں کو بہتر منافع اور ریٹرنز کے لیے صوبے میں مدعو کیا۔ 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا (کے پی) ایک ممکنہ بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بن جائے گا۔ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سوات ایئرپورٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر تیمور سلیم جھگڑا نے دی نیوز کو بتایا کہ کے پی حکومت کا اسلام آباد پشاور موٹر وے کے ساتھ ساتھ ’خیبر پختونخوا انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ بنانے کا منصوبہ ہے۔ 

دریں اثناء کے پی کے وزیر ثقافت شوکت یوسفزئی نے واضح طور پر کہا کہ حکومت ان مفاہمت ناموں پر عمل کرے گی اور سرمایہ کاری کے وعدوں کو یقینی طور پر پورا کرے گی۔

دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کے پی افغانستان کے راستے وسطی ایشیا کو تجارتی راستہ فراہم کرے گا۔ 

ان کو یقین ہے کہ پرامن افغانستان خطے میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع کھولے گا۔ 

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود نے کے پی حکومت کو سراہا کہ صوبے نے دبئی ایکسپو 2020 کے دوران پاکستان پویلین میں شاندار انداز میں شرکت کی اور اپنے منصوبے پیش کیے جو صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید