کراچی(ٹی وی رپورٹ)سٹی میئر پشاور زبیر علی(JUIF) نے کہا ہے کہ ہماری کامیابی گر کی بات نہیں ہے عوام کو شعور آگیا ہے، وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں بات چیت کررہے تھے، پروگرام میں تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان، سٹی میئرمردان حمایت اللہ مایار اور تحصیل چیئرمین گڑھی حسن خیل پشاور حفیظ الرحمن نے بھی گفتگو کی۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ادارے ہی کسی بھی جمہوری نظا م کی بنیاد ہوا کرتے ہیں۔لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یا تو انتخابات نہیں کرائے جاتے یا پھر اگر کوئی نظام تشکیل دیا جاتا ہے تواس کیلئے اختیارات نہیں دیئے جاتے ۔ سٹی میئر پشاور زبیر علی(JUIF) نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہماری کامیابی گر کی بات نہیں ہے عوام کو شعور آگیا ہے پی ٹی آئی عوام کے پاس کس آواز کے ساتھ جاتے پہلے جس چیز کی قیمت100 روپے تھی وہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے ایک ہزار وپے ہوگئی۔عوام نے ان لوگوں کو منتخب کیا جو حقیقی طور پر اس ملک کیلئے کچھ عملی کام کرنا چاہتے ہیں۔2013ء اور 2019ء، 2020ء، 2021ء میں انہوں نے لوکل باڈیز میں ترامیم کرکے اس کے اختیارا ت کو بالکل سکیڑکر محدود کر دیا ہے۔ آرٹیکل140A اور137 کی صحیح عملداری ہونی چاہئے آئین پاکستان کا یہ ایک بنیادی اساس ہے اس سے لوکل باڈی مضبوط ہوجائے گی اور عوام کو اعتماد بھی اس نظام پر بحال ہوجائے گا۔ تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان (آزاد امیدوار) نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی میں اللہ کا فضل و کرم ہے۔ ہم نے ہمیشہ آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیا ہے2015ء میں پہلی مرتبہ میرے بھائی نے ن لیگ کے ٹکٹ پر ضمنی الیکشن لڑا تھا۔ن لیگ میں ٹکٹ کے لئے درخواست دی تھی ایک سازش کے تحت میری حق تلفی کی گئی لیکن اللہ نے میرے نصیب میں کچھ اور لکھا ہوا تھا اور اللہ نے مجھے بہت بہتر دے دیا۔ اب اختیارات اسسٹنٹ کمشنر کو تفویض کئے جارہے ہیں ہمیں براہ راست یا بالواسطہ اس نظام میں رہتے ہوئے کنٹرول کیا گیا ہے۔ لوکل باڈیز سسٹم یہ جمہوریت کی نرسری ہے جو عوامی نمائندہ ہے وہ بیورو کریسی کے ساتھ مل کر ایک ایسی سہولتوں کی ترتیب عمل میں لائی جائے جس سے عوام کو فائدہ ہو۔ سٹی میئرمردان حمایت اللہ مایار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں دو مرتبہ ڈسٹرکٹ ناظم، ایک مرتبہ ایم این اے منتخب ہوچکا ہوں اس مرتبہ میئر مردان منتخب ہوا ہوں۔ ہم نے انتہائی محنت کی ہے اور لوگوں کے درمیان رہ کر ان کی خدمت کرتے ہیں اور کبھی بھی ان سے علیحدہ نہیں ہوئے ہیں اسی خدمت کا انہوں نے صلہ دیا ہے۔ بلدیات کا سب سے اچھا نظام پرویز مشرف نے دیا تھا۔ اگر آپ ایک مضبوط فعال لوکل گورنمنٹ دے دیں تو خدمات کی فراہمی بہتر ہوسکتی ہے۔ تحصیل چیئرمین گڑھی حسن خیل پشاور حفیظ الرحمن (پی ٹی آئی) نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2010ء میں انصاف اسٹوٹنٹ فیڈریشن کا حصہ بنا، میں طلبا سیاست کا حصہ رہا ہوں۔ 2013ء اور2018ء میں بھی قومی اسمبلی کی نشست کیلئے درخواست دی تھی لیکن ٹکٹ نہیں ملا۔