• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI حکومت کے تین سال میں معیشت تباہ ہو گئی، سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ PTI حکومت کے تین سالوں میں پاکستان کی معیشت تباہ ہو گئی، ملک کا قرض ناقابل تصور سطح پر پہنچ رہا ہے جس سے ہم وطنوں کی معاشی مشکلات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی موجودہ معاشی حالت پر وائٹ پیپر کے مصنف سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے گزشتہ تین سال کے دور حکومت میں تجارتی خسارہ، دوہرے ہندسے کی مہنگائی، شرح سود جیسے اشاریوں سے ملک کی معیشت نڈھال ہو چکی ہے اور ملک کا قرض ناقابل تصور سطح پر پہنچ رہا ہے جس سے ہم وطنوں کی معاشی مشکلات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کو چارج شیٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین سال کے عرصے میں روپے کی قدر میں 50 فیصد کمی نے ملک بھر میں مہنگائی کی شدید لہر کو جنم دیا ہے جیسا کہ کوئلہ، فرنس آئل، ایل این جی، ڈیزل بجلی کی پیداوار کے لیے درآمد کیا جاتا ہے اور ایندھن کی قیمت مخصوص لاگتی آئٹم ہے۔اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ خوردنی تیل، دالیں، گندم، چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی درآمد سے اشیائے خوردونوش کی مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے جس سے عوام میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ مانڈوی والا نے وائٹ پیپر میں کہا کہ ملک کا قرضہ 16 ٹریلین روپے بڑھ کر 40.973 ٹریلین روپے ہوگیا ہے؛ ٹیکس تا جی ڈی پی کا تناسب گھٹ کر 9.2 فیصد رہ گیا ہے؛3 ہزار ارب روپے کی مارک اپ ادائیگی کے بڑے اضافے کے ساتھ اخراجات 7.5 ٹریلین روپے تک بڑھ گئے ہیں؛ پاکستان میں مہنگائی کی شرح علاقائی ممالک کے مقابلے میں 5 سے 10 فیصد تک زیادہ ہے۔ مانڈوی والا نے وائٹ پیپر میں مزید لکھا کہ تجارتی خسارہ بڑھ کر 25.5 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا ہے؛روپے کی قدر میں 50 فیصد کمی ہوچکی ہے جبکہ سود کی شرح 13.25 فیصد تک ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008-2013 کے دوران پیپلز پارٹی کی حکومت نے ملک کا قرضہ 6.127 ٹریلین روپے سے 8 ٹریلین روپے تک بڑھا کر 14.292 ٹریلین روپے کر دیا۔

اہم خبریں سے مزید