• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ماہ سے گیس بندش کیخلاف آئی جے پی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع آئی جے پی روڈ پر جڑواں شہر وں کے مکینوں نے گیس کی عدم سپلائی کیخلاف پیر کو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر محلہ سلطان آباد، ویسٹریج، ڈھوک حسو، ایچ الیون، ایچ بارہ، رحیم آباد اور شہزاد کالونی کے مکینوں نے کہا کہ 15دسمبر سے ہمارے علاقے کی مین گیس پائپ لائن کاٹ کر ہمیں اس ٹھٹھرتی ہوئی سردی میں مارا جا رہا ہے۔ ہمارے بچے بغیر ناشتہ اور کھانے کے مشکل صورتحال میں زندگی گزر بسر کر رہے ہیں۔ محکمہ سوئی ناردرن گیس کے اعلیٰ حکام کو باہر توجہ دلانے اور احتجاج کرنے کے باوجود کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ متاثرین سوئی گیس دفاتر کے چکر چکر لگا کر تنگ آ چکے ہیں۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ مین لائن کٹی ہونے کے باوجود بھاری بلوں کی آمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ ہوئی اور ہماری مین گیس سپلائی لائن بحال نہ کی گئی تو ہزاروں عوام اگلا احتجاج محکمہ سوئی گیس کے جنرل منیجرز آفس کے باہر کرنے پر مجبور ہونگے۔
اسلام آباد سے مزید