• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین لگوانےکیلئےبرازیلی نوجوان کاباپ کوکمرپراٹھاکرجنگل میں سفر

ہیلی فیکس(نمائندہ جنگ)انٹرنیٹ پر وائرل ایک تصویر میں بوڑھے شخص کو ایک جوان شخص کی پیٹھ پر چڑھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے ، رپورٹس کے مطابق یہ تصویر جنوری 2021 میں برازیل( جو کہ کورونا سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے) میں کورونا ویکسی نیشن مہم کے آغاز پر لی گئی تھی جس میں دکھایا گیا ہے کہ دور دراز علاقوں میں ویکسین لگوانے کیلئے مقامی افرادکتنی جدوجہد کرتے ہیں، برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی اس تصویر میں ایک مقامی شخص اپنے والد کو پیٹھ پر اٹھائے کورونا ویکسین لگوانے کیلئے لے جارہا ہے، یہ تصویر ڈاکٹر ایرک جیننگز سیموز نے لی جس میں دکھایا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کیلئے 24 سالہ تاوی نے اپنے والد 67 سالہ واہو کو اپنی پیٹھ پر بٹھا رکھا ہے جنہیں ویکسی نیشن سینٹر تک پہنچنے کیلئے جنگل سے گھنٹوں پیدل سفر کر نا پڑا۔ تاوی اور واہو کا تعلق برازیل کی مقامی زوئی کمیونٹی سے ہے جس کے تقریباً 325 ارکان ہیں،تصویر لینے والے ڈاکٹر سیموز نے کہا کہ واہو مشکل سے کچھ دیکھ سکتا اور پیشاب کی دائمی پریشانیوں کی وجہ سے مشکل سے چل سکتا تھا، ڈاکٹر سیموز کے مطابق تاوی اپنے والد کو 5 سے 6گھنٹے تک اپنی پیٹھ پر اٹھائے ہوئے تھا جب کہ یہ باپ بیٹے کے درمیان تعلقات کا ایک بہت ہی خوبصورت منظر تھا۔ ڈاکٹر سیموز نے اس تصویر کو پہلی بار اس سال 1 جنوری کو انسٹاگرام پر شیئر کیا تاکہ وہ نئے سال کے آغاز پر ایک مثبت پیغام بھیج سکیں۔ اطلاعات کے مطابق جب برازیل میں کورونا کے خلاف ویکسی نیشن شروع ہوئی تو مقامی لوگوں کو ترجیحی گروپ سمجھا جاتا تھا لیکن یہاں آنے والی میڈیکل کی ٹیموں کے لیے ویکسی نیشن ایک چیلنج تھا کہ وہ ہر گاؤں میں جاکر سب کو ویکسین لگائیں جس میں کئی ہفتے لگتے۔ میڈیکل ٹیموں نے جنگل میں جھونپڑیاں قائم کیں اورریڈیو کے ذریعے کمیونٹیز کے ساتھ ویکسی نیشن کے نظام پر اتفاق کیا۔ ڈاکٹر سیموز کے مطابق ہم نے ویکسی نیشن کیلئے ایسے طریقوں کو اپنایا جو زوئی کے لوگوں کی ثقافت اور علم کا احترام کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ستمبر میں واہو کی موت ہوئی تاہم اس کی موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں جب کہ تاوی اپنے خاندان کے ساتھ رہتا ہے اور حال ہی میں اس نے اپنی ویکسین کی تیسری خوراک لی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں 853 مقامی افراد کورونا کی وجہ سے مر چکے ہیں لیکن مقامی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ برازیل کی ایک این جی او ایپب کے سروے میں بتایا گیا ہے کہ صرف مارچ 2020 سے مارچ 2021 کے درمیان کورونا سے ایک ہزار مقامی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یورپ سے سے مزید