اسلام آباد (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جتنے بھی لانگ مارچ کرنے پڑے حکومت کو گھر بھیجوں گا، سینیٹ میں عدم اعتماد سے حکومت ختم نہیں ہوتی، ویسے بھی ابھی نمبر پورے نہیں،عدم اعتماد کے بغیرحکومت گراکر دکھائیں گے، میری حکمت عملی کا انتظارکیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےپارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ آئین میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں۔یہ ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کا شوشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں جمہوری طریقے استعمال کرینگے۔عدم اعتماد کے بغیر آپکو حکومت گرا کر دکھاوں گا۔میری حکمت عملی کا انتظارکیا جائے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سینٹ چیئرمین کیخلاف عدم اعتماد کیلئے نمبر پورے نہیں اور ویسے بھی سینیٹ میں عدم اعتماد سے عمران حکومت گرانے کا مقصد پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوفوری ہٹانا عوامی مفاد میں ضروری ہے۔ عوام کے مطالبے پر 27 فروری کو لانگ مارچ کرینگے۔پی ڈی ایم اسمبلیوں سے استعفیٰ کے مطالبے سے ہٹ جائے تو مل کرچل سکتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے عوام دشمن ڈیل کی گئی ہے۔ اقتدار میں آکر نئے سرے سے معاہدہ کرینگے۔ اسٹیٹ بنک ترمیمی بل سے ہمارے جوہری پروگرام کو خطرہ ہے۔بلاول بھٹونے کہا کہ علاج معالجہ ہر شہری کا حق ہے۔ شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر وزیراعلی نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جدوجہد اور دو لانگ مارچ سے حکومت پر دبائو آئے گا ،اسٹیٹ بنک عدلیہ اور عوام کا جوابدہ نہیں ہو گا ، آئی ایم ایف کے کہنے پر چلے گا ،ہم موجودہ مہنگائی، بے روز گاری، آئی ایم ایف بجٹ پر توجہ نہیں ہٹانے دینگے، فیصلہ کن تحریک چلائیں گے۔