کراچی( سید محمد عسکری) کراچی میں لنک روڈ پر واقع 9ہزار ایکڑ پر قائم ایجوکیشن سٹی کو فعال کرنے اور اسے سہولتوں سے آراستہ کرنےکے لیے اس کے ایکٹ 2013میں ترمیم کردی گئی جس کے مطابق سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کو ایجوکیشن سٹی بورڈ کا چیئرمین مقرر کردیا گیا، صوبائی وزیر، وزیر اعلیٰ سندھ کے اسسٹنٹ یامشیر میں سے کوئی بورڈ کا وائس چیئرمین ہوگا ۔ ایکٹ میں ایجوکیشن سٹی کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا عہدہ بھی تخلیق کردیا گیا ہے جو اپنے عملے کے ساتھ ایجوکیشن سٹی چلانے کا ذمہ دار ہوگا،ایجوکیشن سٹی کے بورڈ میں قومی اسمبلی کا ایک رکن بھی شامل ہوگا جسے وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کریں گے۔اسی طرح ایک سندھ اسمبلی کے رکن کو اسپیکر نامزد کریں گے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سکریٹری سرمایہ کاری، دو اسٹیک ہولڈرز جس کی نامزدگی بورڈ کرے گا جب کہ ایجوکیشن سٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بورڈ کے سکریٹری/ رکن ہوں گے۔ ایجوکیشن سٹی پروجیکٹ کا مقصد سندھ میں تدریس اور مطالعہ دونوں کے لیے ایک شاندار ماحول اور سہولیات فراہم کرنا تھا جس کے تحت اعلیٰ درجے کے تعلیمی ادارے اور تکنیکی تحقیقی مراکز قائم کئے جانے تھے ایجوکیشن سٹی سے کم از کم 150,000 طلباء کو داخلہ اور 200,000 روزگار کے مواقع پیدا ہونے تھےجس سے صوبے میں زبردست اقتصادی سرگرمیوں کو متحرک ہونا تھا۔ ایجوکیشن سٹی کا منصوبہ کراچی سے باہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جس کا رقبہ تقریباً 9 ہزار ایکڑ ہے۔ 50 سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ادارے کھولے جانے تھے۔