پشاور(جنگ نیوز)واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی مردان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنیئر امیر خان نے تیز بارش کے دوران شہر کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور وہاں پرجاری صفائی مہم کا جائزہ لیا۔انہوں نے شہریوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تجاویزبھی حاصل کیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ منیجر سالڈ ویسٹ محمد اسحاق بھی انکے ہمراہ تھے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنیئر امیر خان نے متعلقہ حکام کو صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے شہر کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے موقع پر دکانداروں اور تاجروں سے ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ دکانوں اور مارکیٹوں سے نکالنے والا کچرا مخصوص اوقات میں کمپنی اہلکاروں کے حوالے کریں تاکہ مردان شہر میں گندگی نہ پھیل سکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے واٹر ایکٹ کی منظوری دی ہے اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی ہے جس کے تحت جگہ جگہ پر کچرا پھینکنے،نالیوں میں کچرا ڈالنے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے قانونی کاروائی کی جائے گی۔اس سلسلے میں محکمہ بلدیات کی ہدایات کی روشنی میں عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جس میں عوام کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019میں کی گئی ترامیم کے نفاذ اور واٹر ایکٹ جس میں پانی کے ضیاع کی روک تھام کے لئے قوانین کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔انجنیئر امیر خان نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے سی ایل سی ٹیم کو متحرک کر دیا گیا ہے اور اب تک 200سے زائد مساجد میں نماز جمعہ کے خطبے کے دوران شہریوں کو صفائی کے حوالے سے آگاہی دی گئی ہے جبکہ شہر کے مختلف اہم مقامات پر پینا فلیکس آویزاں کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل ہے کہ کچرے کو نالیوں،نہروں اور کلپانی کے کناروں میں پھینکنے سے گریز کریں تاکہ نکاسی آب میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔