راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے مری میں متوقع بارشوں اور برف باری کے پیش نظر اجلاس کا انعقاد کیا جس میں ایس ایس پی آپریشنر اضافی چارج چیف ٹریفک آفیسر وسیم ریاض،ڈی ایس پی سٹی ٹریفک سرکل ذبیح الحسن سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ٹریفک سٹاف نے آر پی او راولپنڈی کو مری میں ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سےبریفنگ دی۔ اس موقع پر اشفاق احمد خان نے متوقع بارشوں اور برف باری کے حوالے سے کہا کہ مری کو 5سیکٹرز میں تقسیم کر کے رش والے مقامات پر اضافی نفری کو تعینات کیا جائے۔ ان فٹ گاڑیوں کو مری داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے غیر ضروری پارکنگ نہ ہونے دی جائے۔ موسم کی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ محکمہ کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پلان کو ترتیب دیا جائے۔