• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین لائن بس پر نامعلوم افراد نے پتھر برسادیئے، مسافر محفوظ رہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گرین لائن بس پر نامعلوم افراد کی جانب سے پتھر برسادیے گئے، مسافر محفوظ رہے۔

تفصیلات کے مطابق نمائش سے سرجانی کے درمیان چار مختلف مقامات پر گرین لائن بس پر پتھر برسانے کے واقعات پیش آئے۔ 

ذرائع کا کہنا تھا کہ پتھراؤ سے بس کے سائڈ گلاس اوردیگر شیشے ٹوٹے ، پیڈسٹرین برج سے کیے جانے والے پتھراؤ سے بسوں کو نقصان پہنچا تاہم مسافر محفوظ رہے۔ واقعات پر پولیس کو نامعلوم شرپسندوں کیخلاف درخواست جمع کرادی گئی ، درخواست سینئروائس منیجرسیکیورٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ 

اس حوالے سے کراچی پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گرین لائن بس سروس کے اطراف کچی آبادی میں رہائش پذیر 2/3 چھوٹے بچوں نے شرارتا گرین لائن بس پر پتھراو کیا۔

ایس ایس پی سینٹرل نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر متعلقہ ایس ایچ او کو پتھراو کرنے والے بچوں کی تلاش کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کیجانب سے بس کے روٹ پر لگنے والے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو روٹ کے اطراف پولیس پیٹرولنگ بڑھانے اور اطراف کے علاقوں میں اس طرح کی سرگرمیوں سے باز رہنے کے نوٹس بھی جاری کئے جا رہے ہیں۔

کراچی پولیس عوام کے تحفظ کی امین ہے اسکے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید