کراچی، لاہور، ناروال (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی عوام سے فون کالز پر کی گئی گفتگو کے ردعمل میں کہا کہ آپکی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہوجاؤں گا، گیدڑ بھبکیوں کےسوا کچھ نہیں ہیں، عمران خان سامان اٹھائیں اور گھر جائیں، عوام شکرانے پڑھیں گے.
شہباز شریف نے کہا حکومتی نااہلی ، نالائقی اور چور بازاری کی سزا عوام کو مل رہی ہے، احسن اقبال نے کہا عمران حکومت مافیازکوتحفظ اور سرپرستی دینے والی چھتری بن چکی ہے، پرویز رشید نے کہا کیا دھمکی اُن ہاتھ والوں کیلئے ہے جو بقول وزیر داخلہ ’’خان‘‘ کے سر پر ہے ؟ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران کی گفتگو نوکری بڑھانے کی درخواست تھی، پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ خان صاحب اقتدار سے باہر آئیں، دائیں بائیں، آگے پیچھے آپکو کوئی نہیں ملے گا۔
وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ باجی آپ نے عمران خان کو ابو کی طرح سمجھ رکھا ہے جو کبھی سامان اٹھا کے جدہ تو کبھی لندن چلتے بنے تھے اور کھسکنے کی کسی کو کانوں کان خبر بھی نہیں ہونے دیتے ؟
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی گفتگو کے ردعمل میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کی دھمکیاں گیدڑ بھبکیوں کےسوا کچھ نہیں ہیں، نہ آپ نواز شریف ہیں جسکے پیچھےعوام کھڑی تھی نہ آپ بیچارے اور مظلوم ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ سازشی ہیں اور مکافاتِ عمل کا شکار ہوئے ہیں، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنےکا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں، جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے عوام کی مشکلات مزید بڑھنےکا باعث بنیں گے، آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں، جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو حکومت میں چار سال ہوگئے لیکن وہ اب بھی رونا دھونا مچا رہے ہیں، جن کارٹلز کی شکایت کر رہے ہیں وہ ان کے دائیں بائیں ہیں، ان کارٹلز نے 220 ملین کی رقم لوٹی اور ان کا کچن چلا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شریف فیملی اور ن لیگ کیخلاف بنائے گئے کیسز جھوٹے اور من گھڑت ہیں، شریف فیملی اور ن لیگ کیخلاف کیسوں کا یہی حشر ہونا تھا جو ہوا، آپکے پاس الزام کیلئے صرف کینہ اور انتقام ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوریا کی قلت اور کسانوں کودرپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی اے پی اور یوریا کی اسمگلنگ روکی جائے، حکومتی نااہلی، نالائقی اور چور بازاری کی سزا عوام کو مل رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کسان دربدر ہیں، کھاد کی اسمگلنگ اوربلیک میں فروخت جاری ہے اور حکومت ہمیشہ کی طرح غائب ہے، ڈی اے پی اور یوریا کی اسمگلنگ روکی جائے اور کسانوں کا استحصال بند کیا جائے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) پرویزرشید نے وزیراعظم کی گفتگو پر ردعمل میں کہا کہ پھر عمران کی دھمکی کا نشانہ کون ہے؟ جسکی بھی تھالی میں کھایا اُسی میں چھید کیا، یہ ہے عمرانی سیاست،سیاسی جماعتوں کو آئینی طریقے سے وزیراعظم کوگھر بھیجنےکاحق ہے۔
احسن اقبال نے اپنے ردعمل میں مزید کہا کہ عمران خان کی گفتگو سے اندازہ ہوگیا کہ وزیر اعظم کو عوامی مسائل کا علم ہی نہیں ، عوام مزید مایوس ہوئے، اپوزیشن متحد ہے اور عوام اپوزیشن کی طرف ہی دیکھ رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،حکومت میں آنے کے بعد عمران خان کی آمدنی بڑھی۔ ترجمان قوم کودھوکادے رہے ہیں کہ پاکستان اقتصادی بحالی کے سفر پرگامزن ہو چکا ہے، صادق اور امین قانون کے پیچھے نہیں چھپتے،وہ احتساب کیلئے پیش ہوتے ہیں،دو سال میں عمران نیازی کا ٹیکس سوا لاکھ سےایک کروڑ کیسے چلا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے گفتگو نہیں بلکہ نوکری میں توسیع کی درخواست کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ جسکی نوکری نوٹس پیریڈ پر چل رہی ہو وہ شہباز شریف کو تو یاد کریگا، وزیرا عظم کی گفتگوایک ہارے ہوئے، مایوس، نالائق اور چور ثابت ہوجانے والے شخص کے جذبات کا اظہار تھا، عمران صاحب گھبرانے کا نہیں، اب گھر جانے کا وقت ہے، 4سال میں عوام کیلئے کچھ کیا ہوتا تو نوازشریف، شہبازشریف نہ کرنا پڑتا۔
وزیراعظم کی گفتگو کے رد عمل میں پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ خان صاحب اقتدار سے باہر آئیں،دائیں بائیں، آگے پیچھے آپکو کوئی نہیں ملے گا،اکبر ایس بابر کے بعد احمد جواد نے آپکی اصلیت بے نقاب کردی ہے، نالائق وزیراعظم نے آج ٹی وی چینلز پر فرمائشی پروگرام ہوسٹ کیا، ساڑھے 3سال میں صرف وزیراعظم غربت کی لکیر سے اوپر آئے ہیں، عمران خان کو مہنگائی، بیروزگاری کے ستائے ہوئے غریبوں کا سامنا ہوگا ،ہم انتقام کی سیاست نہیں کرتے مگر ملک کا حشر نشر کرنے والے کو چھوڑیں گے نہیں، 27 فروری کو ملک کے عوام تمہیں اقتدار سے بھگانے کیلئے اسلام آباد آ رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے عمران خان کی دو گھنٹے سے زائد براہ راست ٹیلی فونک گفتگو سننے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسے ان دو گھنٹوں میں آپ کو اندازہ تو ہوا ہو گا کہ آپکا مستقبل کتنا تاریک ہے؟۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر مریم نواز شریف کے ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ امید ہے کہ دو گھنٹے کی بات چیت کے بعد آپ کو پتہ چل گیا ہو گا کہ آپ کے گالیاں دینے سے کام بنا تھا نہ پاوں پڑھنے سے اور نہ اب سائیلنٹ رہنے پر۔