• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بیجنگ ( نیوز ڈیسک) چین نے ایران پر عائد امریکی پابندیاں مسترد کرکے تہران کے ساتھ معاہدہ نافذ کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ایک ملاقات کے بعد وزیر وانگ ژی نے کہا کہ بیجنگ حکومت ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015ء میں طے پانے والی عالمی جوہری معاہدے کی بحالی کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کی بحالی میں درپیش مشکلات کا ذمے دار امریکا ہی ہے۔ادھر ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ کے ساتھ 25 سالہ جامع تعاون کے معاہدے پر عمل شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ ایرانی صدر کا پیغام چینی ہم منصب کیلئے لے کر گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چین دورے پر پابندیوں کے خاتمے سے متعلق ویانا مذاکرات کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ویانا میں چین اور روس کے نمایندے ایران کے ایٹمی حقوق کی حمایت اور پابندیوں کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مغربی فریق بھی حقیقت پسندانہ اور ایک اچھے معاہدے کیلئے ویانا مذکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے۔ یاد رہے کہ امریکا نے 2018ء میں سابق صدر ٹرمپ کے دور میں 2015ء میں ہونے والے عالمی جوہری معاہدے سے یک طرفہ علاحدگی کا اعلان کرکے ایران پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔ اس کے بعد ویانا میں معاہدے کی بحالی سے متعلق مذاکرات جاری ہے اور اس سے پہلے بھی کئی ادوار ناکام ہوچکے ہیں۔
یورپ سے سے مزید