• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدارتی نظام کے حق میں پاکستان عوامی لیگ کا پرامن مظاہرہ

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) پاکستان عوامی لیگ راولپنڈی کے رہنما لالہ عبدالقیوم کی قیادت میں راولپنڈی پریس کلب کے باہر صدارتی نظام کے حق میں پرامن مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے نظام کی تبدیلی اور صدارتی نظام کے حق میں نعرے بازی کی۔ لالہ عبدالقیوم نے مظاہرین سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، پارلیمانی نظام ناکام ہو چکا ہے چنانچہ صدارتی نظام ہی ملکی مسائل کا حل ہے۔ لالہ عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستانی عوام سمجھ چکی کہ ماضی کی حکومتیں ہوں یا موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں کسی کو دلچسپی نہیں ہے۔ موجودہ مسائل کا حل صرف صدارتی نظام میں ہے۔ قومی یکجہتی، امن و امان، انصاف، اور عوام کی خوشحالی کا ضامن موجودہ حالات میں صرف صدارتی نظام ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت اپنے معاملات میں مصروف عمل ہے جبکہ عوامی مسائل کسی حکومت کی ترجیح نہیں‘ ایسے میں پارلیمانی نظام کی حقیقت عوام پر کھل چکی ہے اور انہیں اندازہ ہے کہ پارلیمانی نظام میں عوامی مسائل کا حل موجود نہیں۔ اسلئے ایک نیا تجربہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ ریلی کے شرکاء رانا منیر، اسد الحق قریشی، عبدالغفار، بارات خان اور راجہ ظفر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی نظام سے صدارتی نظام کی طرف جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدارتی نظام سے عوام کو ریلیف ملنے کی طرف قدم بڑھایا جانا چاہئے۔
اسلام آباد سے مزید