• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی قانون، پی ایس پی اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی ملاقات

بلدیاتی قانون، پی ایس پی اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی ملاقات 


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی پی وفد پر واضح کردیا ہے کہ 30جنوری کا احتجاج ہر صورت ہوگا جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ احتجاج سب کا آئینی حق ہے مگر بات چیت سے مسئلوں کا حل نکالنا بھی جمہوریت کا حسن ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس میں چیئرمین سید مصطفیٰ کمال سے ملاقات ہوئی جس میں پاک سرزمین پارٹی نے 2021ء کے سندھ بلدیاتی قانون کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو اپنےتحفظات سے آگاہ کیا جبکہ پیپلز پارٹی اور پی ایس پی کے وفود نے کھل کر اپنے موقف کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے پی پی وفد پر واضح کیا کہ ہم اختیارات اور وسائل وزیر اعلیٰ ہاؤس سے نکال کر سندھ کی گلی کوچوں میں لانا چاہتے ہیں ، 30؍ جنوری کو ہونے والے احتجاجی پروگرام کا ہر صورت میں انعقاد ہوگا۔ اس موقع پر صدر انیس قائم خانی، اشفاق منگی، سید حفیظ الدین، ارشد وہرہ، شبیر قائم خانی، حسان صابر، آسیہ اسحاق جبکہ پیپلزپارٹی کے وفد میں صوبائی وزیر ناصر شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب موجود تھے ۔ ملاقات کے بعد پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کو بلدیاتی قانون کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہماری تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ خلیل الرحمٰن کے قتل کی شفاف تحقیقات کرکے طاقتور قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ قبل ازیں پی ایس پی رہنماؤں نے ناصر شاہ اور مرتضی وہاب کو پی ایس پی دفتر آنے ہر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صوبہ کسی افراتفری اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، احتجاج سب کا آئینی حق ہے مگر بات چیت سے مسئلوں کا حل نکالنا بھی جمہوریت کا حسن ہے انہوں نے کہا کہ سندھ بلدیاتی بل سمیت صوبے کی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی اور تمام مسائل کو مزاکرات اور بات چیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

اہم خبریں سے مزید