حیدرآباد، سکھر، لاہور (بیورو رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کی زراعت اور معیشت کو بچانا ہے تو سلیکٹڈ حکومت کو نکالنا ہوگا، غربت اور مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، تبدیلی کے نام پر تباہی ہو رہی ہے، 27؍ فروری کو نکل کر جمہوری، آئینی اور قانونی طریقے سے موجودہ حکومت کوختم کرکے کسان، مزدور اورعام عوام کا راج قائم کرینگے، اگر آج کسان بھوکا سوئے گا تو کل پورا ملک بھوکا سوئے گا،کسان کو بچانا ہے تو عمران کو بھگانا ہے، نئے بلدیاتی نظام کو کالا قانون کہنے والوں کا اپنا منہ کالا ہوگا، جلد یہ لوگ کراچی اورحیدرآباد سے ہارینگے، مجھے حیدرآباد کا میئر جیالا چاہیے۔
وہ حیدرآباد کے علاقے فتح چوک پر کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ سے خطاب کررہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کراچی، میرپور خاص، سکھر، خیرپور، بینظیرآباد، نواب شاہ، سانگھڑ، بدین، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار سمیت کئی شہروں میں کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ کیا گیا جبکہ پنجاب میں راولپنڈی، ملتان، چنیوٹ، بہاولپور، لیاقت پور، ڈیرہ غازیخان سمیت کئی شہروں کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ کیا گیا۔
حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ آج ملک کی زراعت تباہ ہورہی ہے اور کسان بھوکا سورہا ہے، موجودہ نالائق و نااہل حکومت نے ہماری معیشت ریڑ ھ کی ہڈی کو توڑ دیا ہے، ملک کی معیشت کو گرا دیا ہے، خاص طورپر زراعت کو نقصان پہنچایا ہے، ملک میں ایک کے بعد ایک بحران پیدا کیا جاتا ہے.
خان صاحب کی حکومت نے ٹڈی دل کے حملے میں کسانوں کو لاوارث چھوڑ دیا تھا اور اب کھاد کا بحران پیدا کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے زراعت کو نقصان پہنچ رہا ہے جس سے ملک میں فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ درپیش ہوگا۔کسان کو بچانا ہے تو عمران کو بھگانا ہے ۔
بلاول نے یہ بھی کہاکہ بلدیاتی نظام کو کالا قانون کہنے والوں کا منہ خود کالا ہوجائےگا،جوحکومت کے ساتھی سندھ سےتعلق رکھتے ہیں وہ سندھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو اپنے قائد سے وفا نہیں کرسکتے وہ آپ سے کیا وفا کرینگے، یہ دہشت گردی میں ملوث تھے، یہ آپکےدشمن ہیں اس شہر اور صوبےکے دشمن ہیں۔
مارچ سےوزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ، سینیٹر مولابخش چانڈیو، عاجز دھامرہ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام 5ڈویژنوں، 19اضلاع اور تحصیلوں میں کسانوں سے اظہار یک جہتی کیلیے ٹریکٹر ٹرالی مارچ کا اہتمام کیا گیا۔
گوجرانوالہ ڈویژن میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ وزیر آباد بائی پاس سے وزیر آباد شہر تک ٹریکٹر ٹرالی مارچ ہوا جہاں مارچ کے شرکاء سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی اور مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے خطاب کیا۔