لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جانے کی فکر سےوزیراعظم کی راتوں کی نیند اڑگئی، وزیراعظم سڑکوں پر آئیں یا دفتر میں بیٹھیں، دونوں صورتوں میں عوام کے لیے خطرناک ہیں۔ تین برس کی کارکردگی پر پی ٹی آئی والے عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔ وزیراعظم کی ٹیم کے استعفے آرہے ہیں، کل تعداد گیارہ ہوگئی۔ سندھ کا بلدیاتی قانون آئین و قانون کے متصادم، بنیادی جمہوریتوں کے اصولوں کی نفی ہے۔ کراچی کے تین کروڑ شہریوں کو حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ کراچی میں صوبہ سندھ کے ذمہ داران جماعت کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا وزرائے اعظم دھمکیاں نہیں دیتے بلکہ اپنی کارکردگی قوم کے سامنے رکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن، بے روزگاری، مہنگائی، قرض لینے کی رفتار بڑھی جبکہ روپے کی قدر، ترقی و خوشحالی میں کمی آئی۔ وزیراعظم اپنے وعدے کے برعکس نہ تو صحت و تعلیم کے شعبے میں کوئی بہتری لاسکے نہ ہی کرپشن کم کرسکے۔