• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور پریس کلب کے باہر فائرنگ سے کرائم رپورٹر قتل


لاہور(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹر) لاہور پریس کلب کے باہرماسک پہنے2نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے نجی ٹی وی کے کرائم رپورٹر کو قتل کردیا،حسنین شاہ سگنل پر رکے توماسک پہنے2 نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے انہیں چھاتی اور گردن پر10گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے ، مقتول مدینہ کالونی باغبانپورہ کے رہائشی تھے ، سوگواران میں بیوہ اور دو بچے چھوڑے ہیں۔صدر پریس کلب کا تدفین تک سوگ کا اعلان، وزیراعلیٰ اور IGنے نوٹس لے لیا اطلاع ملنے پر حسنین شاہ کے سسر الیاس اور ساس بھی پریس کلب پہنچ گئے اور دھاڑیں مار کر روتے رہے انکی ساس نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ سے دھمکیاں ملی رہی تھیں معلوم نہیں دھمکیاں دینے والے کون تھے۔ اطلاع ملتے ہی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد پریس کلب کے سامنے پہنچ گئی جنہوں نے حسنین شاہ کے قتل پر بھرپور احتجاج کیا۔ صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری نے حسنین شاہ کی تدفین تک سوگ کا اعلان کیا اور پریس کلب میں سیاہ جھنڈے لہرا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حسنین شاہ کے قتل ملزموں کو 24گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے، پریس کلب میں آنے والے صحافیوں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کئے جائیں، پی ایف یو جے سی پی این ای اور سابق صدر پریس کلب لاہور ارشد انصاری نے بھی حسنین شاہ کے قتل کے واقعہ کی مذمت کی اور ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ حسنین شاہ نجی ٹی وی چینل کیپیٹل نیوز کے ساتھ بطور کرائم رپورٹر وابستہ تھے۔پولیس نےابتدائی شواہد کو محفوظ کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد کے مطابق انویسٹی گیشن کے لئے تین ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ ہے، ملزموں نے ان کا پیچھا کر کے قتل کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر اور سینئر کرائم رپورٹر حسنین شاہ کے قتل پر اظہار مذمت کی اور انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی حسنین شاہ کا قتل ایک بہیمانہ فعل ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ صحافی حسنین شاہ کے قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم صحافی حسنین شاہ کے لواحقین اورخاندان کے دیگر افراد کے غم میں برابر کےشریک ہیں۔

اہم خبریں سے مزید