راولپنڈی (جنگ نیوز) ایس این جی پی ایل حکام کی طرف سے میڈیا ٹائون کے صارفین سے سوتیلی ماں جیسا سلوک ختم نہ ہو سکا۔ گزشتہ 5روز سے صبح سے رات 12بجے تک گیس پریشر زیرو ہونے کی شکایات بڑھ گئیں۔ صارفین کے مطابق انہیں اتنی گیس بھی فراہم نہیں کی جا رہی جس سے کھانا تو درکنار چائے بنانا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ جنرل منیجر اور دیگر حکام نے میڈیا ٹائون کے وفد کو یقین دہانی کروائی تھی کہ آئندہ انہیں شکایات کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا مگر یہ طفل تسلیاں محض چند روز میں ہوا ہو گئیں۔ اب یہ صورتحال ہے کہ انہیں پورا دن اور رات گئے تک گیس کی عدم دستیابی کا سامنا ہے اور لوگ مہنگے سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ صارفین کے مطابق جمعہ کے روز اور بادل یا بارش کی صورت میں صورتحال مزید گھمبیر ہو جاتی ہے۔ میڈیا ٹائون کے مکینوں نے وفاقی وزیر پاور ڈویژن‘ ایم ڈی سوئی ناردرن اور اوگرا حکام سے اپیل کی کہ انہیں کم از کم اتنی گیس تو فراہم کی جائے جس سے انکے روزمرہ معاملات متاثر نہ ہوں۔