• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عباسی اسپتال کے باہر فرش پر بے ہوش خاتون کی ویڈیو وائرل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عباسی شہید اسپتال کے شعبہ حادثات کے باہر فرش پربے ہوش خاتون کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں شہری نے اسپتال انتظامیہ کی جانب سے بے ہوش خاتون کو طبی امداد نہ دینے پر تنقید کی ۔ دوسری جانب ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال کے مطابق خاتون کو طبی امداد فراہم کی گئی تھی جس کے بعد وہ اسپتال سے چلی گئیں۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی کے سب سے بڑے عباسی شہید اسپتال میں خاتون کی شعبہ ایمرجنسی کے باہر فرش پر بے ہوش ہونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، شہری خاتون کی مدد کرنے کے بجائے ویڈیو بناتا رہا جبکہ ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ فرش پر بے ہوش پڑی خاتون کو اسپتال کا کوئی طبی عملہ دیکھنے نہیں آیا، ویڈیو میں شہری کا کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال میں خاتون بے ہوش پڑی ہے جبکہ ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف نے خاتون کو طبی امداد فراہم نہیں کی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر نادر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ رات گئے پیش آیا، خاتون رکشے پر اسپتال آئی تھیں، خاتون کو عملے نے طبی امداد فراہم کی، طبیعت بہتر ہونے پر خاتون واپس چلی گئی تھیں۔

اہم خبریں سے مزید