• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رامین احمد

جب بھی خواتین کوگھر کی خوبصورتی بڑھانے یا صا ف ستھرا کرنے کا خیال آتا ہے تو زیادہ سے زیادہ یہی ذہن میں آتا ہے کہ گھر میں رنگ و روغن کروا لیتی ہوں۔ اکثر یہی سمجھا جاتا ہے کہ رنگ کروانے سے دیواروں میں ایک نئی جان سی آجاتی ہے۔ لیکن ایسا ضروری نہیں ہے، اکثر رنگ کروانے کے باوجود دیواریں پھیکی اور بے جان سی ہی لگتی ہیں۔ گھر کی خوب صورتی بڑھانے اور دیواروں کو دل کش وحسین بنانے کے لیے ذیل میں بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کریں ۔

کیلنڈر

اگر آپ کے کمرے کی دیوار سادہ ہے تو اس پر کوئی اچھا سا کیلنڈر لگا سکتی ہیں۔ ایسے کیلنڈر کا انتخاب کریں ،جس میںمختلف رنگ برنگی تصاویر یا پینٹنگز بنی ہوئی ہوں۔ ایسے پرانے کیلنڈرز جو بہت اچھے منظر یا پینٹنگز پر مشتمل ہوں،ان کیلنڈرز کو بھی فریم میں لگا کر گھر کی مختلف دیواروں پر لگا لئے جائیں تو ان میں ایک جان سی محسوس ہونے لگتی ہیں۔

رسی یا دھاگے سے تیار کردہ وال آرٹ

جوٹ،مکرامے یا دھاگے سے مختلف دیواروں پر لٹکانے والے وال آرٹ تیار کرسکتی ہیں، سو شل میڈیاپر مختلف ڈوریوں کی مدد سے گھر پر ہی گھڑی تیار کرنا،مکرامے تیار کرنے کی ویڈیوز موجود ہیں۔ ویڈیوز دیکھ کر گھر پر اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ ان شاہکاروں کو ڈرائنگ روم یا بیڈ روم میں لگاکر دیواروں کو دیدہ زیب بنائیں ۔

رسائل و اخبارات

بعض گھروں میں مختلف جرائد، رسالے اور اخبارات آتے ہیں،جو پڑھنے کے بعد بے کار پڑے رہتے ہیں اور بعد میں انہیں ردی کے سپرد کر دیا جاتا ہے۔جب کہ یہی رسالے اور اخبارات آپ کے بہت کام آسکتے ہیں۔ رسالوں اور اخبارات میں خوبصورت سے مناظر پر مشتمل تصاویر ہوتی ہیں، اسی طرح رسائل بھی مختلف پینٹنگز، مناظر یا تصاویر پر مشتمل ہوتے ہیں،اپنی پسندیدہ ڈشز یا شخصیت کی تصاویر، پینٹنگز اور مناظر کو رسائل و اخبارات سے کاٹ کر انہیں کسی گتے پر چپکا لیں، پھر اسے فریم کرکے گھر کی دیواروں پر لگا لیں۔

پرانی تصاویر

گھر کی دیواروں کو دو چند بنانے کے لیے پرانی تصاویر اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ گھر کی کسی دیوار پر ایک بڑا سا درخت پینٹ کرلیں اور اس کی ہر شاخ پر فیملی ممبر کی تصویر لگا دیں، اس طرح پرانی تصاویر سے ایک ”فیملی ٹری“ تیار ہو جائے گا۔ چاہیں تو ان پرانی تصاویر کو ایک بڑے فریم میں لگا لیں، یا ایک فریم میں 4 سے 5 چھوٹی تصاویر کو پن کی مدد سے لگا لیں۔ یوں ان پرانی یادگار تصاویر کی مدد سے دیوارخوب صورت لگے گی۔