گزشتہ سال امریکی میگزین فوربس نے اپنی محنت سے دولت کمانے والی دنیا کی 50 امیر ترین خواتین کی فہرست جاری کی ،یہ خواتین13ممالک اورچار براعظموں سے تعلق رکھتی ہیں، جس میں افریقا اور جنوبی امریکا کی کوئی نمائندگی نہیں۔ ان سب کی مشترکہ دولت 276ارب ڈالر (782کھرب روپے ) یعنی فی کس اوسطاً 5.5ارب ڈالر۔ فہرست میں امریکا اور چین /ہانگ کانگ کی 18،18جبکہ کینیڈا، انڈیا، برطانیہ اور انڈونیشیاکی دو، دو خواتین شامل ہیں۔
لسٹ کے مطابق دنیاکی سب سے امیر سیلف میڈخاتون رافیلا اپونٹےڈیامونٹ ہیں جن کا تعلق سوئٹزرلینڈ سے ہے اور ان کی مجموعی دولت 38.8ارب ڈالر (110کھرب روپے) ۔اپونٹے اور ان کے شوہر جیان لوئیگی نے میڈیٹرینین شپنگ کمپنی (MSC) کی بنیاد رکھی جو آج دنیا کی سب سے بڑی شپنگ لائن ہے۔
دوسرے نمبر پر امریکا کی ڈیان ہینڈرکس ہیں جن کی دولت 22.3 ارب ڈالر (63کھرب روپے ) ہے۔ وہ ABC Supply کی شریک بانی ہیں جو چھتوں، دیواروں وغیرہ کے سامان کی ایک بڑی تقسیم کار کمپنی ہے۔ وہ ان 18 امریکی خواتین میں شامل ہیں جن میں اوپرا ونفری اور شیریل سینڈبرگ جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔
چین اور ہانگ کانگ سے بھی 18 خواتین اس فہرست میں شامل ہیں۔ ان میں سب سے امیر ترین ہیں ژونگ ہوی جوان جو چین کے صوبہ جیانگسو میں رہتی ہیں اور ایک سابق کیمسٹری ٹیچر ہیں۔ انہوں نے 1995 میں Hansoh Pharmaceuticals کی بنیاد رکھی، اور 1999 میں پھیپھڑوں کے کینسر کی دوا Gainuo کی کامیابی سے بڑا بریک حاصل کیا۔