پیرس (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران نے فرانسیسی شہری کو جاسوسی کے الزام میں 8برس قید کی سز ا سنادی ہے ، فرانس نے ایران میں اپنے شہری بنیامین بریئر کو سزا دیئے جانے کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے ، فرانسیسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا شہری بطور سیاح ایران گیا تھا اور اسے قید کئے جانے کی کوئی توجیح نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایران کی ایک عدالت نے منگل کے روز فرانسیسی شہری بنیامین بریئر کو جاسوسی کا مجرم قرار دیتے ہوئے آٹھ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ 36سالہ بریئرمئی 2020ء سے ایران میں قید ہیں۔ انھیں ترکمانستان ایران سرحد کے قریب صحرا میں ریموٹ کنٹرول منی ہیلی کاپٹر۔۔ہیلی کام۔۔اڑانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔یہ فضائی یا حرکی تصاویرحاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔ قبل ازیں بریئرکوایران کے شمالی شہرمشہد میں جیل میں منتقل کیا گیا تھا۔ان کے خلاف فساد فی الارض اور شراب پینے کاالزام بھی عائد کیا گیا تھا۔