سکھر (بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا صحت کارڈ کرپشن ہے سرکاری وسائل نجی اسپتال کو دیئے جارہے ہیں، عمران خان ہیلتھ بجٹ پر ڈاکا مار رہے ہیں،نجی اسپتالوں کو فائدہ ہوگا، انہوں نے پنجاب اور خیبر پختون خواہ سمیت صوبائی حکومتوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایک ایسی تحصیل بتادیں جہاں پر کینسر، گردوں اور جگر کے امراض کا مفت علاج ہورہا ہو، پیپلز پارٹی کے وسیلہ صحت کارڈ کا نام بدل کر صحت انصاف کارڈ رکھ دیا ہے نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے خیرپور کے علاقے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بون میرو ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا اور سندھ کے شعبہ صحتِ عامہ کی ترقی پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ اپنے وژن کے تحت صحت عامہ کی مفت سہولیات کو پاکستان بھر میں فراہم کرینگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ گمبٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیسا اور کوئی اسپتال نہیں جہاں جگر، گردے، بون میرو اور کینسر کا مفت علاج کیا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد تھیلیسیمیا اور اس جیسی متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں اور بون میرو ٹرانسپلانٹ علاج کی سہولت کا مریضوں کی زندگیوں کیلئے اچھا ثابت ہوگا۔