بیجنگ (جنگ نیوز )چین اقوام متحدہ کے نمائندے کے سنکیانگ کے دورے پر راضی ہوگیا ،چین کے اخبار ساؤتھ چائینہ پوسٹ نے جمعرات کے روز اطلاع دی کہ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بیجنگ میں موسم سرما کے اولمپکس کے بعد اس دورے کی منظوری اس شرط پر دی گئی ہے کہ یہ دورہ ’دوستانہ‘ ہونا چاہیے اور اس کو تحقیقات کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق چین نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے سنکیانگ کے دورے پر رضامندی ظاہر کر دی ہےجو کہ 2022کی پہلی ششماہی میں موسم سرما کے اولمپکس کے بعد ہو گا۔برطانو ی میڈیا نے چینی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کچھ نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے۔انسانی حقوق کے کام کرنے والے ادارے چین پر مغربی علاقے سنکیانگ اویغور اور دوسرے اقلیتی گروپس کے ساتھ ناروا سلوک کا الزام لگاتے ہیں، اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہاں وسیع پیمانے پر لوگوں کو قید رکھا گیا ہے، جن پر تشدد کیے جانے کے علاوہ ان سے جبری مشقت بھی لی جاتی ہے۔