• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے اقتدار کا سورج مایوسی و بے بسی کیساتھ غروب ہو رہاہے ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اقتدار کا سورج مایوسی اور بے بسی کے ساتھ غروب ہو رہا ہے۔ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے زوال کا آغاز ہوگیا، تبدیلی جہاں سے لائی گئی وہیں سے واپس جا رہی ہے۔ کے پی بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں پی ٹی آئی کا صوبے سے مکمل صفایا ہوجائے گا۔ حکومت کے نامہ اعمال میں ناکامیوں کے علاوہ کچھ نہیں۔ ڈالروں کے عوض ملکی خودمختاری آئی ایم ایف کو سونپ دی گئی۔ سینیٹ میں حکومت اور اپوزیشن کی نورا کشتی عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکدرہ دیرپائن میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک کو سب سے بڑھ کر جس چیز کی ضرورت ہے وہ اسلامی انقلاب ہے۔ عوام کی اکثریت ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے۔ اسلام ہی ناصرف پاکستان بلکہ انسانیت کے مسائل کا حل ہے۔ بدقسمتی سے سات دہائیوں سے ملک میں اسلامی نظام رائج نہیں ہوسکا۔ 73 کے آئین میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا مکمل ماڈل موجود ہے، مگر ہمارے حکمرانوں نے آئین سے روگردانی کی۔
اہم خبریں سے مزید