• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدمات کا بوجھ کم کرنا ہے، وکلاء تیاری کر کے آئیں، تاریخیں مانگنے سے گریز کریں، چیف جسٹس عطا بندیال

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔نئے چیف جسٹس نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کا بوجھ کم کرنا ہے، وکلاء تیاری کرکے آئیں اور التوا سے گریز کریں۔ بدھ کو ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر سروسز چیفس، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت وفاقی کابینہ کے دیگر وزراء، حاضر اور ریٹائرڈ ججوں سمیت وکلاء نے شرکت کی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد باضابطہ چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے 28 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

 تقریب حلف برداری کے بعد استقبالیے میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ صدر اور وزیراعظم نے چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر تینوں اہم شخصیات کے درمیان اہم عدالتی اور آئینی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

حلف اٹھانے کے بعد فاضل چیف جسٹس سپریم کورٹ پہنچے تو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آرنر پیش کیا جبکہ سپریم کورٹ کے عملہ نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔بعد ازاں جب وہ مقدمات کی سماعت کیلئے کمرہ عدالت نمبر ایک میں پہنچے تو وکلاء نے بھی انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

اہم خبریں سے مزید