ملتان (سٹاف رپورٹر ) سینئر سیاستدان مخدومجاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے پاکستان کا مقدمہ لڑا ،مگرکشمیر کا مضبوط مقدمہ ہم نے ہارا ہے،کشمیریوں نے اپنا خون دے کر تحریک کو زندہ رکھا۔کشمیریوں کی جدوجہد مرنے والی نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی کلمہ چوک میں ملی یکجہتی کونسل ملتان کے زیر اہتمام آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سیدحامد سعید کاظمی نے کہا کہ کشمیر کا کوئی ایسا گھر نہیں جہاں شہادت نہ ہوئی ہو۔کشمیریوں کا جذبہ آج بھی جوان ہے ۔عالم اسلام کو چاہیے تھا اپنی اقوام متحدہ خود علیحدہ بناتے ہم مسلمانوں کو اپنا علیحدہ راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ کانفرنس میں صدر ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب آصف محمود اخوانی،جنرل سیکرٹری محمد ایوب مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے مگر افسوس کہ یہ شہ رگ بھارتی تسلط اور جبر کی نظر ہے۔ پاکستان کے حکمران شہ رگ کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں ۔کانفرنس میں سابق صدر ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن حافظ اللہ دتہ کاشف ،امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر، سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں، سابق ایم پی اے بابو نفیس انصاری ،ناظم اعلیٰ مرکزی جماعت اہلسنت پنجاب علامہ فاروق خان سعیدی، ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پروفیسر علی اصغر سلیمی،مولانا اسرار الحق مجاہد ،رہنما مجلس احرار السلام عرفان الحق حقانی ،متحدہ جمعیت اہلحدیت کے رہنما خالد فاروقی ،رہنما شیعہ علماء کونسل سید مجاہد عباس گردیزی،بشارت قریشی،عقیل انصاری ، شیخ اسرار حسین صدیقی ودیگر نے بھی شرکت کی۔