• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ملازمت فائلوں کی تکمیل اور دفتری معمولات نبھانے کا نام نہیں،کمشنرملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے پی ایم ایس کے زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سول افسر کی اصل پہچان اس کا عہدہ، گریڈ یا اختیار نہیں بلکہ اس کے کام اور معاشرے پر پڑنے والا مثبت اثر ہے،انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت محض فائلوں کی تکمیل اور دفتری معمولات نبھانے کا نام نہیں، بلکہ کروڑوں شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کی ذمہ داری ہے۔ افسران کو اپنی ذمہ داری، اختیار اور عوامی خدمت کے مقصد میں مکمل وضاحت رکھنی چاہیے اور کمفرٹ زون سے باہر نکل کر نئے اقدامات کرنا چاہئیں،عامر کریم خاں نے کہا کہ دیانت داری کا تقاضا یہ بھی ہے کہ سرکاری اختیار کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی فائدے کے لیے استعمال کیا جائے۔ اگر کسی کام کے لیے سرکاری وسائل دستیاب نہ ہوں تو قانون اور شفافیت کے دائرے میں رہتے ہوئے معاشرے اور نجی شعبے کو ساتھ ملا کر مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں۔کمشنر نے نوجوان افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ کو حکومت صرف فائلیں چلانے کے لیے نہیں لاتی؛ آپ کو فرق پیدا کرنے کے لیے موقع دیا جاتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ عہدہ عارضی ہے، مگر ایک افسر کے اچھے کام کا اثر طویل عرصے تک معاشرے میں باقی رہ سکتا ہے ۔
ملتان سے مزید