• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کے علاقے ناصرباغ میں لڑکے کے قتل میں کلاس فیلو ملوث نکلا

پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے ناصرباغ میں لڑکے کے قتل میں کلاس فیلو ملوث نکلا، دونوں ایک ہی سکول میں ایک ہی کلاس میں پڑھتے تھے، ملزم ارتکاب جرم کے بعدروپوش ہوچکا ہے۔ واقعات کے مطابق میاں خان گھڑی کے رہائشی اشفاق نور ولد شہزاد نورادینزئی کے ایک مقامی سکول میں پڑھتا تھا جہاں ملزم حماد ولد محمدگل سکنہ میاں خان گڑھی بھی اس کے ساتھ پڑھتا تھا اور اس کا قریبی دوست تھا۔پولیس کے مطابق مقتول اور ملزم نویں جماعت کے طالبعلم تھے اورکھیلنے کے علاوہ وہ آپس میں ویڈیوگیم بھی کھیلا کرتے تھے،بتایاجارہا ہے کہ وقوعہ سے قبل اشفاق نورکا ملزم کے ساتھ کسی بات پر تکرار ہوگئی تھی جس پر ملزم نے اس کوفائرنگ کرکے قتل کیا۔ناصرباغ پولیس نے بتایا کہ مقتول کوقتل کرنے کی اصل وجہ کیا تھی یہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔ لڑکے کے قتل میں ملوث افغان ملزم کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے ساتھ ان کا گھر بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ناصر باغ پولیس کے مطابق خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ ملزم اور اس کے خاندان والے گھر بار چھوڑ کر افغانستان فرار ہوچکے ہیں کیونکہ ان کا تعلق افغانستان سے تھا تاہم ان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کیلئے نادرا سے رابطہ کیاجائے گا جبکہ گھر بھی سیل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ملزم نے آخری بار اپنے والد کے موبائل فون سے اپنے ایک دوست کو کال کرکے نعش کی اطلاع دی، تفتیشی ٹیم کے مطابق ملزم حماد نے اپنے ایک دوست کو فون کرکے اسے بتایا کہ میاں خان گھڑی میں ایک نعش پڑی ہے لہذا آپ جاکر اسے دیکھیں۔ جب اس نے جاکر دیکھا تو نعش کے ساتھ پولیس اہلکاربھی کھڑے تھے ، فون کال کے بعد ملزم کے دوست کو بھی زیرتفتیش کیا گیا ۔
پشاور سے مزید