کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے خدشات ختم ہوئے اور آسٹریلیا نے گرین کیپس کے خلاف چیلنج سیریز کے لئے اپنی فل اسٹرینتھ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز ٹیم کے کپتان، اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی انجری سے صحت یاب ہونے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، انگلینڈ کے خلاف کامیابی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسکاٹ بولینڈ نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ سلیکٹر جارج بیلی نے کہا کہ اسکواڈ میں ان تمام حالات کو مدنظر رکھا گیا ہے جس میں یہ حقیقت بھی شامل ہے کہ آسٹریلیا کے آخری دورہ پاکستان کو طویل عرصہ گزر چکا ہے۔ ایشیائی ملکوں کے متعدد دوروں اور حال ہی میں بھارت میں ہونے والے ایک روزہ ورلڈ کپ کے ساتھ کامیاب ہوم ایشز سیریز کے بعد اب یہ دورہ بڑا چیلنج اور تاریخی ہے۔ ٹیم میں شامل ایشٹن ایگر واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایشز سیریز میں حصہ نہیں لیا، جو جسٹن لینگر کی استعفے سے قبل بطور انچارج آخری سیریز تھی۔ اس دورے کے دوران آسٹریلین ٹیم کی کوچنگ عبوری کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کریں گے۔ آسٹریلیا کی ٹیم اگلے ماہ تقریباً24سال بعد پاکستان پہنچے گی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے 27فروری کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 4مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ12مارچ سے کراچی میں اور تیسرا ٹیسٹ 21مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔ کوئی کھلاڑی سیریز سے دستبردار نہیں ہوا وہی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں جنہوں نے حال ہی میں ایشز سیریز میں حصہ لیا۔ انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا نے سیریز چار صفر سے جیتی تھی۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم ہمیں سیریز میں بھرپور ٹیسٹ کرے گی، اس سے ہمیں اس کا اندازہ ہو گا کہ ہم کتنے پانی میں ہیں وہ کتنے پانی میں ہیں ۔ خوش آئند بات ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 برسوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ اچھی کرکٹ ہو گی ہے۔ ٹیم پیٹ کمنز (کپتان)، ایشٹن ایگر، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، مارکس ہیرس، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، نیتھن لائن، مچل مارش، مائیکل نیسر، اسٹیو اسمتھ( نائب کپتان)، مچل اسٹارک، مچل سویپسن اور ڈیوڈ وارنر پر مشتمل ہے۔ وائٹ بال کرکٹ سیریز میں شامل تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔